فواد حسن فواد کو عہدے سے ہٹانے کی درخواست،الیکشن کمیشن نے فیصلہ سنا دیا

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) الیکشن کمیشن نے نگران وفاقی وزیر فواد حسن فواد کو عہدے سے ہٹانے کی درخواست مسترد کر دی۔
”پاکستان ٹائم“کے مطابق الیکشن کمیشن نے نگران وفاقی وزیر فواد حسن فواد کے خلاف درخواست پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ فواد حسن فواد نجکاری کے وزیر ہیں، وہ الیکشن عمل پر متاثر نہیں ہو سکتے، فواد حسن فواد ماضی میں اہم پوزیشن پر کام کرتے رہے ہیں، ان کے خلاف درخواست ذاتی رنجش معلوم ہوتی ہے۔یاد رہے نگراں وفاقی وزیر فواد حسن فواد پر سیاسی وابستگی کا الزام ہے۔ فواد حسن فواد کے خلاف درخواست پر دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا گیا تھا۔ الیکشن کمیشن میں درخواست سید عزیز الدین کاکاخیل ایڈووکیٹ نے دائر کی تھی۔واضح رہے اسی کیس میں الیکشن کمیشن کے حکم پر مشیر وزیر اعظم احد چیمہ کو عہدے سے ہٹایا جا چکا ہے۔ 16 دسمبر کو الیکشن کمیشن آف پاکستان نے آزادانہ، منصفانہ اور شفاف عام انتخابات کا انعقاد یقینی بنانے کے لیے وفاقی کابینہ کے ’جانبدار‘ اراکین کو ہٹانے کے لیے دائر درخواست پر نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ سمیت کابینہ کے دیگر اہم اراکین کو نوٹس جاری کیے تھے۔بعد ازاں 21 دسمبر کو الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے نگران وفاقی وزیر فواد حسن فواد کو عہدے سے ہٹانے سے متعلق درخواست کو غیر معینہ مدت تک ملتوی کردیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں