کراچی(کامرس رپورٹر)انٹر بینک میں امریکی ڈالر کی قیمت میں کمی کے باعث روپے کی قدر مزید بڑھ گئی ہے جبکہ پاکستان سٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں آج بھی کاروبار میں تیزی کا سلسلہ جاری ہے۔
”پاکستان ٹائم“کے مطابق انٹربینک میں آج بھی ڈالر کی قدر میں مزید کمی دیکھی گئی ہے،کاروباری ہفتے کے چوتھے روز ملکی تبادلہ منڈیوں میں 39 پیسے کمی کے بعد ڈالر کی خرید و فروخت 281 روپے 81 پیسے میں جاری ہے۔دوسری طرف پاکستان سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کے آغاز پر تیزی کا رجحان رہا، 100 انڈیکس 344 پوائنٹس اضافے سے 61 ہزار کی سطح پر بحال ہے، انڈیکس 61 ہزار 208 پوائنٹس پر ٹریڈ کر رہا ہے۔گذشتہ روز انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت میں 17 پیسے کی کمی آئی تھی۔ انٹر بینک میں ڈالر 282 روپے 20 پیسے پر بند ہوا تھا۔گذشتہ روز بھی بازارِ حصص میں کاروبار کا آغاز مندی سے ہوا تھا اور پی ایس ایکس میں 362 پوائنٹس کی مندی ریکارڈ ہوئی اور انڈیکس 59000 پوائنٹس کی نفسیاتی حد سے بھی گر گیا تھا۔سٹاک ایکسچینج میں کے ایس ای 100 انڈیکس کم ہوکر 58808 پوائنٹس کی سطح پر آیا تاہم سٹاک مارکیٹ میں مندی کے بادل چھٹ گئے، کاروبار کا تیزی پر اختتام 100 انڈیکس 1692 پوائنٹس اضافے سے 60863 کی سطح پر بند ہوا۔