راولپنڈی (سٹاف رپورٹر)سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے پاکستان اس وقت مشکل ترین دور سے گزر رہا ہے لیکن عوام یقین رکھیں کہ پاکستان درست سمت جائے گا،عمران احمد خان 50 سالہ پرانا دوست ہے تنقید کر سکتا ہوں لیکن نہیں کروں گا۔ انتخابی مہم کے سلسلہ میں چکری کے علاقے میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری نثار علی خان کاکہناتھاکہ میں کسی سیاسی جماعت کی دم پکڑ کر نہیں جیتنا چاہتا، میرے لئے ایک ہزار بدکردار ووٹوں سے ایک باکردار ووٹ بہتر ہے، تاریخی فتح حاصل کروں گا ،میری خدمت کے نشان آج بھی ہر طرف موجود ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ میں نے میٹنگ کا اہتمام کیا تھا لیکن یہ تو جلسہ بن گیا ،میں نے کبھی آپکی امانت میں خیانت نہیں کی ،کبھی داغ نہیں لگنے دیا اور نہ ہی کبھی کرپشن کی،میں اس علاقے کا وزیر بن کر نہیں اس علاقے کا ویر بن کر آیا ہوں ، میں اپنے حلقے کے لوگوں کی محبتوں کا شکر گزار ہوں ۔
