اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) جیل میں قید تحریک انصاف کی رہنما صنم جاوید نے مریم نواز اور شہبازشریف سے مقابلے کا اعلان کررکھا ہے تو اب اعظم سواتی نے نوازشریف کیخلاف تحریک انصاف کے ٹکٹ پر مانسہرہ سے الیکشن لڑنے کی خواہش ظاہرکردی۔ اپنے ویڈیو پیغام میں پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ نواز شریف نے این اے 15 مانسہرہ سے قومی اسمبلی کا الیکشن لڑنے کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں، اگر میری جماعت نے مجھے ٹکٹ دیا تو میں نواز شریف کا مقابلہ کروں گا اور مانسہرہ کی غیور عوام، مائیں بہنیں اور بھائی 8 فروری کو مجھے اور تحریک انصاف کو جتوا کر اپنا پیغام دیں گے۔ یاد رہے کہ مسلم لیگ ن کے رہنما کیپٹن ریٹائرڈ صفدر اعوان نے مانسہرہ سے نواز شریف کے کاغذات نامزدگی حاصل کیے تھے اور ان کا کہنا تھا نواز شریف مانسہرہ سے قومی اسمبلی کا الیکشن جیت کر چوتھی مرتبہ ملک کے وزیراعظم بنیں گے اور عوام کے مسائل کا حل نکالیں گے۔
