اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) امریکی جیل میں قید پاکستانی شہری ڈاکٹرعافیہ صدیقی کے سامنے کے دانت ٹوٹے ہونے اور سر پر زخم ہونے کی خبرآگئی اور سینیٹر طلحہ محمود نے بتایاکہ عافیہ صدیقی پر قید میں جسمانی و جنسی تشدد کیا جا رہا ہے، جنگی قیدیوں کے بھی حقوق ہوتے ہیں، یہ سب کچھ انسانی حقوق کے چمپیئن امریکا میں ہوا ہے۔ نجی ٹی وی چینل سے خصوصی گفتگو میں سابق وفاقی وزیر سینیٹر طلحہ محمود نے انکشاف کیاہے کہ عافیہ صدیقی پر امریکی قید میں جسمانی اورجنسی تشدد کیا جا رہا ہے،، میں قونصل جنرل کے ساتھ گیا تھا پھر بھی جیل میں ہمارے جوتے کپڑے اتروا کر تلاشی لی گئ۔ ان کاکہناتھاکہ حکومتِ پاکستان خط لکھے تو امریکی صدر عافیہ صدیقی کی سزا معاف کر سکتے ہیں، حکومتی خط پر عافیہ صدیقی کو باقی قید پاکستان میں کاٹنے کی بھی اجازت مل سکتی ہے،حکومتِ پاکستان آج تک ایسا خط لکھنے سے اجتناب کر رہی ہے۔
