لاہور ( وقائع نگار خصوصی) جماعت کے نظم اور پالیسیوں کی مسلسل خلاف وزریوں کی وجہ سے مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے سربراہ سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے حافظ ابتسام الہی ظہیر کو چیف آرگنائزر کے عہدے سے فارغ کرتے ہوئے ان کی جگہ مرکزی سیکرٹری اطلاعات چوہدری کاشف نواز رندھاوا کو پارٹی کا نیا چیف آرگنائزر نامز د کیا ہے۔
پارٹی ترجمان حافظ بابر فاروق رحیمی کے مطابق حافظ ابتسام الہی ظہیر جماعت کے منصب کی صحیح معنوں میں پاسداری نہیں کر رہے تھے،انہیں متعدد بار سمجھانے کی کوشش کی لیکن وہ جماعتی نظم کے تقاضوں کی مسلسل خلاف وزریاں کرتے رہے،ابتسام الہی ظہیر نے متبادل تنظیم قرآن و سنہ موومنٹ کے نام سے قائم کر لی،جماعتی دستور جس کی اجازت نہیں دیتا،ابتسام الٰہی ظہیر کے جماعت مخالف رویے پر مرکزی مجلس شوری کے حالیہ اجلاس میں بھی ارکان نے تشویش کا اظہار کیا۔ترجمان کے مطابق ابتسام الٰہی ظہیر نے جماعتی صلح کے وقت قرآن وسنہ موومنٹ کو ضلع قصور کی حد تک رکھنے کی بات کی تھی لیکن بعد ازاں ابتسام الٰہی ظہیر نے قرآن وسنہ موومنٹ کی تنظیم سازی کا دائرہ کار دیگر شہروں میں بھی پھیلانا شروع کر دیا،ابتسام الٰہی ظہیر کو متعدد بار اس ضمن میں آگاہ کیا جاتا رہا اور انکے بھائی حافظ معتصم الٰہی ظہیر کے ذریعے بھی پیغام دیا گیا لیکن انہوں نے اس کا کوئی اثر نہیں لیا، بطور چیف آرگنائزر ابتسام الٰہی ظہیر کی کا رکردگی صفر رہی بلکہ وہ اس منصب کی آڑ میں متبادل تنطیم کو تقویت بخشتے رہے۔
پارٹی ترجما ن نے مزید بتایا کہ حافظ ابتسام الٰہی ظہیر کو ان کی اپنی فرمائش اور مطالبہ پر مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کا چیف آرگنائزر مقرر کیا گیا تھا،یہ عہدہ پہلے ہمارے نظم اور دستور میں موجود نہیں تھا۔ان کے کہنے پر یہ منصب پیدا کر کے انہیں تفویض کیا گیا،اس بات کو تقریباً پونے چار سال ہو گئے ہیں لیکن اس پورے عرصے میں انہوں نے اس عہدہ کا حق ادا کرنا تو دور کی بات اس حوالے سے کوئی ایک میٹنگ یا دورہ بھی نہیں کیا بلکہ ایک منٹ کا ٹائم بھی اس کے لیے نہیں دیا،وہ بعض جماعتی جلسوں میں شرکت ضرور کرتے رہے ہیں لیکن بطور چیف آرگنائزر ان کی کوئی بڑی یا چھوٹی کارروائی اور سرگرمی نہیں بلکہ اب تو یہ صورت حال ہے کہ وہ دعوت اور بلائے جانے کے باوجود دفتر میں آنے سے بھی صاف انکار کر دیتے ہیں اور حال ہی میں منعقد ہونے والے مرکزی مجلس شوریٰ کے اجلاس میں انہوں نے شرکت سے انکار کر دیا لہٰذا با امر مجبوری امیر مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے انہیں چیف آرگنائزر کے عہدہ سے فارغ کرتے ہوئے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔دوسری طرف سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے چوہدری کاشف نواز رندھاوا کو ان کی تنظیمی و جماعتی صلاحیتوں کے مد نظر مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کا نیاچیف آرگنائزر مقرر کر دیا ہے۔

