کراچی (سٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری سے برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ اور ڈپٹی ہائی کمشنر سارہ مونے نے ملاقات کی جس میں اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، آصف زرداری نے دوران ملاقات برطانوی حکام سے غزہ میں اسرائیلی جارحیت کے خاتمے کے لئے مصالحتی کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا ۔ تفصیلات کے مطابق سابق صدر مملکت نے شاہ چارلس کے جنم دن کے حوالے سے اظہار مسرت کا پیغام دیا جبکہ آصف زرداری نے ڈیوڈ کیمرون کے وزیر خارجہ بننے پر بھی نیک تمناوں کا اظہار کیا،دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر بھی بات چیت ہوئی۔ سابق صدر آصف زرداری اور برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ کے درمیان ملاقات کے موقع پرسینیٹر سلیم مانڈوی والا اور ڈاکٹر عاصم بھی موجود تھے۔