لاہور(وقائع نگار خصوصی)وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی کا کاروبار میں آسانی،صنعتی ترقی اور سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے بڑا اقدام،کاروبار میں آسانی،صنعتی ترقی اور سرمایہ کاری کے لئے ون ونڈو آپریشن کے سسٹم کا ماسٹر پلان تیار کر لیا گیا ہے،کاروبار کی آسانی کے لئے تمام محکموں کے این او سیز ایک ہی چھت تلے جاری ہونگے۔
”پاکستان ٹائم“کے مطابق وزیر اعلیٰ محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس میں ون ونڈو آپریشن کے سسٹم کا ماسٹر پلان پیش کیا گیا۔بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ آئندہ ماہ ون ونڈو آپریشن کے سسٹم کا کام مکمل کر لیا جائے گا،کاروباری افراد کی آسانی کے لئے الفلاح بلڈنگ میں ون ونڈو سسٹم بنایا جائے گا،بزنس کمیونٹی ساری معلومات آن لائن پورٹل سے حاصل کر سکے گی،تمام محکموں کے فوکل پرسن مقرر کیے جائیں گے۔سٹیرنگ کمیٹی اور آپریشنل کمیٹی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے ون ونڈو آپریشن کے سسٹم سے متعلقہ امور جلد طے کرنے کی ہدایت کی اور کہاکہ ون ونڈو آپریشن کے سسٹم کے آفس میں بیٹھنے کی گنجائش کو بڑھایا جائے،ایل ڈی اے ون ونڈو سیل کی طرز پر ون ونڈو آپریشن سسٹم بنایا جاے،لانگ ٹرم ایس او پیز بنائے جائیں،ایس او پیز ہونگے تو ہی ون ونڈو آپریشن کا سسٹم کامیاب ہوگا۔صوبائی وزراءایس ایم تنویر،عامر میر،سیکرٹریز انڈسٹریز، لوکل گورنمنٹ، ماحولیات،کمشنر لاہور ڈویژن و ڈی جی ایل ڈی اے،چیئرمین پی آئی ٹی بی،ڈائریکٹر جنرل پی آئی ٹی بی،سی ای او فیڈمک،سی ای او پیڈمک،ایم ڈی پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔