کوئٹہ (نمائندہ خصوصی ) جے یوآئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن سے ملاقات کی تصاویر شائع ہونے پر تحریک انصاف کی ناراضگی کے بعد جمعیت علماءاسلام کے سینئر رہنماسابق پارلیمنٹرین حافظ حسین احمد کا ردعمل بھی آگیا اور کہا ہے کہ ہم مخالفین کے ہاتھ باندھ کر مقابلے کے قائل نہیں مقابلہ ہوگا تو میدان میں ہوگا، مولانا فضل الرحمن سے ملاقات کرنے والے وفد کی تصاویر شائع ہونے پر تحریک انصاف کو سیخ پا ہونے کی ضرورت نہیں۔ اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایاکہ تحریک انصاف کے وفد سے ملاقات کے حوالے سے ہم نے میڈیا پر کوئی بات نہیں کی حالانکہ ہونا تو یہ چاہئے تھا کہ وفد خود میڈیا کو بتاتا کہ ملاقات میں کیا گفتگو ہوئی، کھلاڑی اگر دوسرے کھلاڑی کی ٹانگ پکڑ کر باہر نکالنے کی کوشش کریگا تو پھر امپائر سب کو ہی باہر کردے گا اس لیے انتخابات کے حصول کے لیے سیاسی جماعتوں کو ملکر بیٹھنا ہوگا۔ ایک سوال کے جواب میں ان کاکہناتھا کہ انتخابات کی تاریخ کا معمہ ابھی تک حل نہیں ہوا لگتا ہے کہ انتخابات کو آگے لے جانے کی کوشش کی جارہی ہے ۔
یہ بھی پڑھیں : تحریک انصاف کے4رہنماﺅں کی جائیداد ضبط کرنے کا حکم