اوورسیز پاکستانیوں کا وفد بیرسٹر امجد ملک کی قیادت میں کور کمانڈر ہاوس پہنچ گیا ،سانحہ 9مئی پر اظہار افسوس

لاہور(سٹاف رپورٹر)42 ممالک میں مقیم پاکستانیوں کے بڑے وفد نے بیرسٹر امجد ملک (برطانیہ ) کی قیادت میں کورکمانڈر ہاوس کا دورہ کیا،وفد نے سانحہ 9 مئی کے حوالے سے گہرے رنج اور کرب کا اظہار کیا۔
”پاکستان ٹائم“کے مطابق بیرسٹر امجد ملک کی قیادت میں برطانیہ،سپین،آسٹریلیا،سعودی عرب،کینیڈا،متحدہ عرب امارات،ترکی،سویڈن،ساوتھ کوریا اور ساوتھ افریقہ سمیت دیگر ممالک سے پاکستان آئے ہوئے اوورسیز پاکستانیوں کے نمائندہ وفد نے کور کمانڈر ہاوس کا دورہ کیا۔وفد نے کور کمانڈر ہاوس میں 9 مئی کو ہونے والی توڑ پھوڑ اور گھیراو جلاو پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔

سب سے مستند اور معتبر خبریں پڑھنے،دلچسپ ویڈیوز دیکھنے اور سیاسی حالات سے باخبر رہنے کے لئے پاکستان ٹائم کا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر امجد ملک کا کہنا تھا کہ 9 مئی کے شرمناک واقعات سے عالمی سطح پر پاکستان کی بدنامی ہوئی،لاکھوں سمندر پار پاکستانیوں کے دل رنجیدہ ہیں، سیاسی دہشت گردی کے خلاف ہمیں زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانا ہو گی،عدالتیں ملزمان کے ٹرائل میں سنجیدگی اور سرعت سے کام لیں،معزز جج خود ایک دفعہ جناح ہاوس کی حالت دیکھیں اور فیصلہ کریں آیا کہ ایسے قومی مجرم کسی نرمی اور رعایت کے مستحق ہیں؟جناح ہاوس میں مچائی گئی تباہی اور شہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی دیکھ کر یہی کہتے ہیں کہ ان ملزمان کے تیز اور یقینی ٹرائل سپیشل کورٹس میں ہونے چاہئیں،قائدِاعظم کے ورثہ، فوجی تنصیبات اور شہدا کی یاد گاروں کی بے حرمتی کرنے والوں سے کسی بھی قسم کی رعایت برتنا پاکستان کی سالمیت کو نظر انداز کرنے کے مترادف ہے۔ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے اور قانون کے مطابق عبرت ناک سزا دی جائے۔ بیرسٹر امجد ملک کا کہنا تھا کہ مقدمے کو طول نہ دیا جائے،اگر نومئی کے ملزمان کو سزا نہ دی گئی،اس بار انہوں نے جناح ہاوس جلایا ہے،شاید آئندہ وہ کوئی ایسی چیز جلائیں جو نا قابل تلافی اور نا قابل برداشت ہو۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں