اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا کہ الیکشن میں تاخیر کا مطلب الیکشن سے انکار ہے،آمریت کا دروازہ بند ہوچکا مگر پھر ایک نئی طرز کی آمریت شروع ہوگئی، الیکشن میں تاخیر کا مطلب الیکشن سے انکار ہے، فوری طور پر انتخابات کی تاریخ دی جائے۔ یہاں سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول نے کہا کہ آئین کی گولڈن جوبلی کی تقریب میں بلانے پر مشکور ہوں،1973 کا آئین قانون کی حکمرانی کے اصول وضع کرتا ہے، آئین کسی بھی ریاست کے تابع ہوتا ہے، جمہوریت آئین کا تحفظ کرتی ہے اور آئین انسانی حقوق کا تحفظ کرتا ہے، ہر سیاست دان نے عدلیہ کے سامنے خود کو احتساب کے لیے پیش کیا ، کہا گیا تھا کہ آمریت کا دروازہ بند ہوچکا مگر پھر ایک نئی طرز کی آمریت شروع ہوگئی۔ انہوں نے کہا کہ اس ملک کو آئین دینے والی ہماری جماعت انتخابات کی تاریخ مانگ رہی ہے، پیپلز پارٹی ایک جمہوری جماعت ہے اور الیکشن کا مطالبہ ہمارا حق ہے ۔