”آزاد کشمیر کے حالات سے لگتا ہے کہ وزیر اعظم انوار الحق جلد اسمبلی تحلیل یا خود کشی کر سکتا ہے“سردار تنویر الیاس نے خطرناک پیشگوئی کردی

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر )صدر استحکام پاکستان پارٹی آزاد کشمیر،سابق وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں دوسروں کے خلاف سازشیں رچانے اور منافقت کرنے والے شخص کا مکروہ چہرہ پوری قوم کے سامنے آ چکا،آزاد کشمیر کے حالات سے یوں لگتا ہے کہ وزیر اعظم انوار الحق جلد اسمبلی تحلیل یا خود کشی کر سکتا ہے،اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ریاست کو اس بد کردار شخص سے چھٹکارا دلوائے، اس وقت آزاد کشمیر کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے،بزرگ،بچے،مرد و خواتین سڑکوں پر سراپا احتجاج ہیں،دنیا بھر میں ریاست آزاد کشمیر کی جگ ہنسائی ہو رہی ہے،ہم اپنی افواج کا ہر اول دستہ ہیں،ہماری مسلح افواج اندورنی و بیرونی سطح پر ملک کا دفاع کر رہی ہیں،میں اپنے معزز ججز کا شکر گزار ہوں کہ جن کی بدولت آزاد کشمیر کے مکروہ کردار سامنے آئے،ان لوگوں سے شکوہ ہے جنہوں نے ریاست پر نکمے،نالائق ترین شخص کو مسلط کیا جو بچپن سے جائیدادیں ہڑپ کرنے کا عادی رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:” لیگی جلسی میں بھی چور چور کے نعرے“لطیف کھوسہ نے مقبولیت کا پول کھول دیا

پاکستان ٹائم کے مطابق سردار تنویر الیاس خان نے رئیل سٹیٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے منعقدہ تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی،تقریب میں سابق وزیر حکومت/ممبر اسمبلی چوہدری علی شان سونی،سابق پولیٹیکل ایڈوائزر سردار افتخار رشید،میڈیا کوآرڈینیٹر راجہ قمر الزمان،سیاسی و سماجی رہنما سردار عامر جمیل،مینجنگ ڈائریکٹر تاج ریزیڈینشیا فہد فرید،چوہدری حماد لیاقت،خواجہ بلال سمیت رئیل سٹیٹ سے وابستہ نامور ڈیلرز کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر سردرا تنویر الیاس خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رئیل سٹیٹ کا شعبہ معیشت کی ترقی میں فعال کردار ادا کرتا ہے،سردار گروپ آف کمپنیز اعتماد کا نام ہے جس کی کامیابی کے پیچھے ہماری نیک نیتی اور اخلاص ہے،تاج ریزیڈینشیا شہر اقتدار میں منفرد اور نمایاں نام ہے جو اپنے کلائنٹ سے کیے گئے وعدے اور کمٹمنٹ پوری کرے گا،تاج ریزیڈنشیا میں سرمایہ کاری کرنے والوں کے لیے وسیع مواقع موجود ہیں، کاروبار میں فائدہ ہو یا نہ ہو وقت پر ڈیلیوری،کوالٹی ہماری ترجیح ہے،کسی بھی کسٹمز کے اعتماد کو ٹھیس پہنچانا بڑی زیادتی ہے،کوالٹی اور سٹینڈرڈ پر کبھی کمپرومائز نہیں کرتا،پاکستان کے دیگر شہروں میں بھی جلد پراجیکٹس شروع کر رہے ہیں۔اس موقع پر تقریب میں موجود ڈیلرز نےچیئرمین تاج ریزیڈینشیا پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ بھرپور محنت اور لگن کے ساتھ اس پراجیکٹ کو کامیاب بنا کر ہر شخص کے لیے اپنے گھر کا حصول یقینی بنائیں گے۔تقریب کے اختتام پر ملک و قوم کی ترقی،خوشحالی اور کشمیر کی آزادی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں