کوئٹہ (سٹاف رپورٹر)بلوچستان کے ضلع مستونگ میں دو روز قبل ہونے والے خودکش دھماکے میں جاں بحق افراد کی تعداد 60 ہو گئی۔
محکمہ صحت کے مطابق مستونگ خودکش دھماکے کاایک اور زخمی دم توڑ گیا جس کے بعد جاں بحق ہونیوالوں کی تعداد 60 تک پہنچ گئی۔محکمہ صحت کے مطابق سی ایم ایچ میں 18 اورسول ہسپتال میں 3 زخمی زیر علاج ہیں،جن میں سی ایم ایچ میں 3 اورسول میں زیر علاج ایک زخمی کی حالت تشویش ناک ہے۔سول ہسپتال کوئٹہ اور اور بی ایم سی میں مستونگ بم دھماکے کے شہید افراد کی تعداد 8 ہو گئی ہے۔جلوس پر خود کش دھماکے کے بعد حکومت بلوچستان نے تین روزہ سوگ کا اعلان کر رکھا ہے،بلوچستان اسمبلی،وزیر اعلی ہاوس،گورنر ہاوس،بلوچستان ہائیکورٹ سمیت تمام سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں کر دیا گیا ہے۔دوسری جانب پولیس کے مطابق مستونگ دھماکے کا مقدمہ سی ٹی ڈی تھانے میں نامعلوم حملہ آوروں کے خلاف درج کر لیا گیا ہے،جس میں قتل،اقدام قتل،دہشت گردی اور ایکسپلوسیو ایکٹ کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔واضح رہے کہ دو روز قبل بلوچستان کے ضلع مستونگ میں عید میلاد النبی ﷺ کے جلوس میں ہونے والے خود کش دھماکے میں ڈی ایس پی مستونگ سمیت 55 سے زائد افراد جاں بحق اورزخمی ہوئے تھے۔خود کش دھماکہ مستونگ کی مدینہ مسجد کے باہر عید میلاد النبی ﷺ کے جلوس کیلئے جمع افراد کے درمیان کیا گیا،ڈی ایس پی نواز گشکوری خودکش حملہ آور کو روکنے کی کوشش میں شہید ہوئے،حملے میں 3 پولیس اہلکار زخمی بھی ہوئے تھے۔
یہ بھی پڑھیں:نواز شریف کی واپسی کا پلان تیار ،گرفتاری دیں گے یا نہیں؟اہم تفصیلات آ گئیں