کوہاٹ(وقائع نگار)پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرین کے سربراہ پرویز خٹک نے کہا ہے کہ نیا پاکستان بنانے کا دعویٰ ایک دھوکا تھا، سابق وزیراعظم اور تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان پنجاب میں رشوت اور کرپشن کو ختم نہ کرسکے۔
”پاکستان ٹائم“کے مطابق کوہاٹ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا کہ اپنے دور میں بے پناہ ترقیاتی منصوبے دیکر صوبے میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھایا، صوبے کو ہمیشہ مذہب، روٹی، کپڑا، مکان اور پر فریب کے نعروں سے لوٹا گیا، ایوب خان کے دور تک ملک ٹھیک تھا لیکن سیاسی پارٹیوں کے آنے کے بعد ملک قرضوں میں ڈوب گیا کیونکہ سیاسی جماعتوں کے پاس ملک کی ترقی کا کوئی وڑن نہیں اور اب بیرون ملک ان سیاسی جماعتوں کے قرضوں کی وجہ سے ہماری ٹکے کی عزت نہیں۔پرویز خٹک نے کہا کہ 40 سال سیاست میں رہا ہر پارٹی کے ساتھ اخلاص کیا لیکن سب نے دھوکے دیے کسی کے پاس عوام کی سوچ نہیں اور جب پی ٹی آئی کے چئیرمین کے نعرے سے بھی متاثر ہوا تو وہ بھی صرف دھوکا تھا۔پرویز خٹک کا یہ بھی کہنا تھا کہ صرف اعلانات نہیں بلکہ عملی کام پر یقین رکھتا ہوں جبکہ مولانا سمیت سب کو نزدیک سے دیکھا، سب صرف جھوٹ کے لیے سیاست کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ عمران خان کے قریب سمجھے جانے والے سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے 9 مئی کے واقعات کو جواز بنا کر عمران خان کو خیرباد کہا تھا اور نئی پارٹی پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز کی بنیاد رکھی ہے۔پرویز خٹک اس وقت اپنی پارٹی کو عوام میں مقبول کرنے کے لیے بھرپور سیاسی جلسے کر رہے ہیں، سابق وزیراعلیٰ کا دعویٰ ہے کہ وہ خیبرپختونخوا سے بڑی پارلیمانی جماعت بن کر سامنے آئیں گے۔
