کراچی(سٹاف رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما اور سندھ کے سابق گورنر محمد زبیر نے پیپلز پارٹی کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ عام انتخابات میں ن لیگ بھرپور انداز میں پیپلز پارٹی کا مقابلہ کرے گی،نوازشریف 21 اکتوبر کو اپنا ایجنڈا دیں گے، سابق وزیر اعظم کی قیادت میں پاکستان کی ترقی کے سفر کو ایک بار پھر شروع کیا جائے گا،نواز شریف چوتھی بار بھی وزیر اعظم بنیں گے۔
یہ بھی پڑھیں:سپریم کورٹ نے سرکاری افسران کیلئے’صاحب‘کا لفظ استعمال کرنے سے روک دیا
پاکستان ٹائم کے مطابق پریس کانفرنس کرتے ہوئے محمد زبیر کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن سندھ نے نواز شریف کی وطن واپسی کے سلسلے میں استقبال کی تیاریاں شروع کر دیں ہیں،نواز شریف،مریم نواز کی خواہش ہے سندھ کے لاکھوں ورکرز استقبال کے لئے اپنا حصہ ڈالیں،اس حوالے سے ہماری پہلی میٹنگ ہوئی،نواز شریف چار سال بعد واپس آ رہے ہیں،نواز شریف الیکشن مہم کو لیڈ کرنے کے لیے آ رہے ہیں،سندھ کی 30 ڈسٹرکٹ کے تمام نمائندوں کو متحرک کریں گے،اندرون سندھ،حیدرآباد،سکھر،نواب شاہ سمیت سب جگہ جائیں گے،سندھ کے ورکرز کو کیسے لاہور لیجانا ہے انتظامات کر رہے ہیں،نواز شریف کا فقید المثال استقبال کریں گے، 21 اکتوبر کو کسی کو شک نہیں رہے گا کہ نواز شریف سب سے مقبول لیڈر ہیں۔محمد زبیر نے کارکنان سے اپیل کی کہ وہ 21 اکتوبر کو نواز شریف کے استقبال کیلئے زیادہ سے زیادہ تعداد میں لاہور پہنچیں۔سابق گورنر نے پیپلز پارٹی کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 16 ماہ کی حکومت میں پیپلز پارٹی ہماری اتحادی تھی،چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی حکومت کو ہم نے آئینی طریقے سے گرایا،عدم اعتماد کے لئے ہم نے پیپلزپارٹی کے ساتھ تعاون کیا تھا،پیپلز پارٹی کو 15 سال موقع ملا لیکن پیپلز پارٹی کی سندھ میں حکومت ناکام ہو گئی،سندھ میں پیپلزپارٹی فیل ہوئی،آنے والے عام انتخابات میں ن لیگ بھرپور انداز میں پیپلز پارٹی کا مقابلہ کرے گی۔سابق گورنر سندھ نے کہا کہ ہم نے جنرل (ر) باجوہ، جنرل (ر) فیض حمید کی بات نہیں کی، نوازشریف 21 اکتوبر کی شام کو اپنا ایجنڈا دیں گے،ہم نے اسٹیبلشمنٹ سے کیا ڈیل کرنی ہے لیکن ہم نے کسی سے لڑائی بھی نہیں کرنی،ہم الیکشن میں فری اینڈ فیئرماحول چاہتے ہیں،طاقت کا سرچشمہ عوام ہے،اگرعوام ساتھ نہ ہو تو پھر ادھر، ادھر بھاگیں گے،ہمیں ادھر،ادھربھاگنے کی ضرورت نہیں۔محمد زبیر نے کہا شاہد خاقان عباسی،مفتاح اسماعیل تاحال ن لیگ کا حصہ ہیں،سندھ میں مسلم لیگ ن کا کوئی لڑائی جھگڑا نہیں۔