کرک(بیورو رپورٹ)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے انڈس ہائی وے کرک میں ورکرز کنونشن کے دوران پولیس نے دھاوا بول دیا۔
پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں کی جانب سے پولیس پر پتھراو کیا گیا۔پولیس نے پی ٹی آئی کارکنوں کو منتشر کرنے کے لئے آنسو گیس کی شیلنگ کی۔پولیس نے پاکستان تحریک انصاف کے متعدد کارکنوں کو گرفتار کر لیا۔ورکرز کنونشن پر دھاوا بولنے کی وجوہات بتاتے ہوئے پولیس کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ نے شہر میں دفعہ 144 نافذ کر رکھی ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ کسی کو حکومتی رٹ چیلنج کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔دوسری طرف ذرائع کا کہنا ہے کہ کرک میں دو جلسے ہو رہے ہیں،ایک طرف عوامی نیشنل پارٹی( اے این پی)کو پولیس پروٹوکول دے رہی ہے جبکہ دوسرے طرف تحریک انصاف کے جلسے کو طاقت کے زور پر روکا جا رہا ہے،شدید شیلنگ کے باوجود لوگ عمران خان زندہ باد کے نعرے لگا رہے ہیں۔تحریک انصاف کے مقامی رہنماوں کا کہنا ہے کہ کرک میں آج پی ٹی آئی کی جانب سے ایک پرامن عوامی اجتماع کا انعقاد کیا گیا لیکن کے پی کی نگران کٹھ پٹلی حکومت نے پرامن کارکنوں پر آنسو گیس کی شیلنگ شروع کردی! عوام کی بڑی تعداد جلسہ کرنے کیلئے اب بھی موجود لیکن پولیس شرکاءپر مسلسل شیلنگ کر رہی ہے لیکن عوام نے خوف کے بت توڑ دیئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ این پی کے جلسہ کو باقاعدہ سرکاری پروٹوکول دیا جا رہا ہے لیکن دوسری طرف پی ٹی آئی والوں پہ شیلنگ کی جا رہی ہے،اب ہم ہر شہر میں نکلیں گے، روک سکتے ہو تو روک کے دکھاو، اگر تحریک انصاف کا جلسہ نہیں ہو گا تو کسی اور کا بھی نہیں ہونے دیں گے ۔
