لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) پنجاب میں آشوب چشم کا پھیلاﺅ،سرکاری اور نجی سکولوں میں چھٹیوں کا اعلان کر دیا گیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق آشوب چشم کے پھیلاﺅ کے باعث پنجاب میں سکولوں میں جمعرات سے اتوار تک تعطیلات کا اعلان کر دیا گیا،محکمہ سکول ایجوکیشن نے اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے۔سرکاری اعلان کے مطابق پیر سے آشوب چشم میں مبتلا طلبا کو سکول آنے کی اجازت نہیں ہو گی،ٹیچرز سکول کے مرکزی دروازے پر خود بچوں کی آنکھیں چیک کر کے اندر جانے کی اجازت دینگے۔
یہ بھی پڑھیں : اسلام آباد میں ڈینگی کے پھیلاﺅ میں تیزی
یاد رہے کہ نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے آج گورنمنٹ گرلز ہائر سکینڈری سکول راوی روڈ کا طویل دورہ کیا۔وزیر اعلی محسن نقوی نے کلاس رومز کا معائنہ کیا،بچوں اور بچیوں کے ساتھ ملاقات کی۔وزیر اعلی محسن نقوی نے کلاس رومز میں آشوب چشم سے متاثرہ بچے وبچیاں دیکھ کر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دیگر بچوں اور بچیوں کو محفوظ رکھنے کے لئے پنجاب بھر میں سکولوں میں کل سے چھٹی کا اعلان کیا۔انہوں نے کہاکہ پنجاب بھر میں سکول کل بند رہیں گے،پرسوں عید میلاد النبی ﷺ کی تعطیل ہے،ہفتہ اور اتوار کو بھی سکول عام تعطیل کے باعث بند رہیں گے۔وزیر اعلی محسن نقوی نے کہا کہ بچے 4 دن گھر میں رہیں گے تو آشوپ چشم کا پھیلاؤ کم ہو گا اور امید ہے کہ سوموار کوصورتحال پہلے سے بہتر ہو گی۔وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ سکول کی ہر کلاس میں 6 سے 7 بچے و بچیاں آشوب چشم سے متاثر نظر آئے جبکہ بعض ٹیچرز بھی آشوب چشم سے متاثر تھیں۔واضح رہے کہ اس سے قبل وفاقی حکومت 29 ستمبر کو 12ربیع الاول کے موقع پر عام تعطیل کا اعلان کر چکی ہے اور اس حوالے سے کابینہ ڈویژن نے چھٹی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا تھا۔وفاقی حکومت کے تمام اداروں اور ہفتہ،اتوار کو چھٹی کرنے والے تمام نجی اداروں اور سکولوں میں 30 ستمبر بروز ہفتہ اور اتوار یکم اکتوبر کو بھی چھٹی ہو گی۔
