کیا سعودی عرب اور پاکستان اسرائیل کو تسلیم کر رہے ہیں؟علامہ طاہر اشرفی نے واضخ اور دوٹوک بیان جاری کر دیا

کیا سعودی عرب اور پاکستان اسرائیل کو تسلیم کر رہے ہیں؟علامہ طاہر اشرفی نے واضخ اور دوٹوک بیان جاری کر دیا

لاہور(وقائع نگار)پاکستان اسرائیل کو تسلیم نہیں کر رہا ہے ، پاکستان ، سعودی عرب ، فلسطین و کشمیر کے اسی حل کو قبول کریں گے جو فلسطینیوں اور کشمیریوں کو قبول ہو گا۔ ایک آزاد خود مختار فلسطین ریاست کا قیام قریب ہے۔ یکم اکتوبر کو لاہور میں سیرت رحمتہ للعالمین ﷺ کانفرنس میں تمام مذاہب و مسالک کی قیادت کو دعوت دی ہے۔ سپہ سالار قوم نے مسیحی قیادت کے ساتھ ملاقات میں پاکستانی قوم اور ریاست کے موقف اور دین اسلام کی ترجمانی کی ہے۔ بین المذاہب و بین المسالک رواداری اور ہم آہنگی وقت کا تقاضہ ہے۔ یہ بات چیئرمین پاکستان علماءکونسل اور انٹرنیشنل انٹرفیتھ ہارمنی کونسل کے صدر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ، اس موقع پر مولانا اسد اللہ فاروق، مولانا زبیر عابد ، مولانا محمد اسلم صدیقی ، قاری عبد الحکیم اطہر ، مولانا محمد اسلم قادری، مولانا مبشر رحیمی ، مولانا عبدالغفار فاروقی ، مولانا ابراہیم حنفی ، مفتی سید نسیم الاسلام ، مفتی فلک شیر ، مفتی رحمت دین ، قاری کفایت اللہ ، مولانا ناصر حقانی ، قاری فیصل امین اور دیگر بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین اور کشمیر کے مسئلہ پر پاکستان کا موقف واضح اور دو ٹوک ہے۔ بے بنیاد افواہ سازی سے گریز کرنا چاہیے ، اقوام متحدہ کے اجلاس کے موقعہ پر اسلامی تعاون تنظیم اور بالخصوص سعودی عرب نے کشمیر کے مسئلہ پر اپنا موقف واضح کر دیا ہے ، پاکستان اور سعودی عرب فطری اتحادی ہیں ممکن ہی نہیں ہے کہ فلسطینی اور کشمیری عوام کی مرضی کے بغیر ان دونوں مسائل کے حل کو قبول کیا جائے۔ کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق دیا جائے اور فلسطینیوں کو آزاد مختار ریاست دی جائے۔ سعودی عرب کے ولی عہد امیر محمد بن سلمان کی امن کی کوششوں کا مقصد بھی یہی ہے۔ سعودی عرب پاکستان پر اسرائیل کے معاملہ پر کوئی دباﺅ نہیں ڈال رہا ہے ، غلط خبروں اور افواہوں کو پھیلانے کا سلسلہ بند ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام اور پاکستان دشمن قوتوں نے پاک سر زمین پر بین المذاہب ہم آہنگی کی فضا کو سبوتاڑ کرنے کا ناپاک منصوبہ بنایا ہےجو ناکام ہوا ہے۔سرگودھا اور دیگر مقامات پرجو سازش کی گئی وہ اسی سلسلے کی کڑی تھا جسے حکومت ، سلامتی کے اداروں اور علماء نے ناکام بنایا۔ اسلام امن اور رواداری کا دین ہے جو اقلیتوں کے حقوق کا محافظ ہے۔ سپہ سالار قوم جنرل سید حافظ عاصم منیر نے مسیحی برادری کے قائدین سے ملاقات میں انہیں پاکستانی قوم ،ریاست اور اسلام کی تعلیمات کو واضح بیان کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان علماءکونسل ماہ ربیع الاول کی مناسبت سے یکم اکتوبر کو لاہور میں سیرت رحمتہ للعالمین ﷺ کانفرنس کا انعقاد کر رہی ہے جس میں ملک بھر کے مختلف مسالک و مذاہب کے قائدین کو شرکت کی دعوت دے دی گئی ہے۔ اس کانفرنس میں بین المذاہب و مسالک ہم آہنگی کے حوالے سے اہم لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں:اٹک جیل میں1گھنٹہ ملاقات

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں