اسلام آباد(سپورٹس ڈیسک)پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کا احتجاج رنگ لے آیا،بھارتی حکومت نے گھٹنے ٹیکتے ہوئے پاکستانی کرکٹ ٹیم کو ویزے جاری کرنے کی منظوری دے دی۔
یہ بھی پڑھیں:ورلڈ کپ 2023 ،ہاشم آملہ نے سیمی فائنل میں پہنچنے والی ٹیموں سے متعلق پیشگوئی کر دی
کرک انفو کے مطابق بھارتی حکومت نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کو ویزے جاری کرنے کی منظوری دے دی،آئی سی سی نے بھارتی حکومت کی منظوری کی تصدیق کر دی ہے۔خیال رہے کہ عالمی ورلڈ کپ کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کے بھارتی ویزوں میں مسلسل تاخیر پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آئی سی سی کو خط لکھ پر اپنا احتجاج ریکارڈ کرا دیا تھا۔خط میں آئی سی سی کو ویزوں کے اجراء نہ ہونے کے بارے میں کہا گیا تھا،بی سی سی آئی ہوم بورڈ ہے،اس کو بھی ویزوں کے معاملے پر تعاون کرنا چاہیے،آئی سی سی پاکستان ٹیم کے فی الفور ویزے جاری کرانے میں تعاون کرے۔پی سی بی نے خط میں باور کرایا کہ قومی ٹیم کی 27 ستمبر کی فلائٹ بک ہے،ویزے جاری نہ ہونے کی وجہ سے ٹیم کا دبئی میں باونڈنگ سیشن بھی منسوخ کرنا پڑا تھا۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی نے کھلاڑیوں کے ویزوں کے لئے ہائی کمیشن کو دو ہفتے قبل تمام ڈاکومنٹس جمع کروا دئیے تھے،پاکستان کرکٹ ٹیم کی بھارت روانگی 26 اور 27 ستمبر کی درمیانی شب میں شیڈول ہے۔بھارت نے پاکستانی کرکٹ کھلاڑیوں کو وقت پر ویزے نہیں دیے اس لیے ٹیم نئے شیڈول کے مطابق ورلڈ کپ کے لیے بھارت کا دورہ تاخیر سے شروع کرے گی۔ابتدائی طور پر منصوبہ بنایا گیا تھا کہ پاکستان ورلڈ کپ سے 10روز قبل 25 ستمبر (پیر)کو بھارت روانہ ہو گا تاہم وقت پر ویزے نہ ملنے کی وجہ سے یہ دورہ 27 تاریخ تک ملتوی کر دیا گیا ہے۔