اسلام آباد(وقائع نگار)آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اٹھارٹی (اوگرا) نے نگران وفاقی وزراء گوہر اعجاز اورمرتضیٰ سولنگی کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے دعووں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں عالمی منڈی پرمنحصر ہیں اور حالیہ دنوں عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:ن لیگ کا دفتر جلانے کا کیس،اعجاز چوہدری 14روزہ ریمانڈ پر جیل روانہ
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق چند روز قبل نگران وزیر تجارت گوہر اعجاز اور نگران وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے دعویٰ کرتے ہوئے کہا تھا کہ یکم اکتوبر کو قوم کو خوشخبری ملے گی،مہنگائی سے عوام پریشان ہیں،امید ہے پہلی تاریخ کو پیٹرول کی قیمتوں میں کمی ہو گی تاہم ابھی گوہر اعجاز اور مرتضیٰ سولنگی کے دعووں کی ”مٹی بھی خشک“ نہ ہوئی تھی کہ اوگرا نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق قیاس آرائیوں پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہری پیٹرولیم مصنوعات سے متعلق افواہوں پر کان نہ دھریں،پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں عالمی منڈی پرمنحصر ہیں اور حالیہ دنوں میں عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔اوگرا ترجمان کا کہنا تھا کہ اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ ملک میں روپے کی قدر میں بہتری آئی ہے لیکن پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کے اعلان میں ابھی ایک ہفتہ باقی ہے،قیمتوں سے متعلق قیاس آرائی تیل سپلائی میں خلل ڈال سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : سائفر کیس کا اوپن یا ان کیمرہ ٹرائل ،عدالت نے فیصلہ محفوظ کر لیا
یاد رہے کہ 23 ستمبر بروز ہفتہ کراچی پریس کلب میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی کا کہنا تھا کہ امکان ہے ڈالر کی قدر میں کمی کی وجہ سے اگلے 15 دن کے جائزے میں پیٹرول کی قیمت میں کمی کی جائے گی جبکہ نگران وزیر تجارت گوہر اعجاز نے بھی بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ یکم اکتوبر کو قوم کو خوشخبری ملے گی،مہنگائی سے عوام پریشان ہیں،امید ہے پہلی تاریخ کو پیٹرول کی قیمتوں میں کمی ہوگی،بجلی کی کمی قیمتوں میں کوشاں ہیں۔