rain

لاہور سمیت پنجاب بھر میں موسلادھار بارش،نشیبی علاقوں میں پانی،موسم خوشگوار ہو گیا

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) صوبائی دارالحکومت سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں موسلادھار بارش،نشیبی علاقے پانی میں ڈوب گئے۔
نجی ٹی وی کے مطابق لاہور میں رات گئے شروع ہونے والی بارش کاسلسلہ تاحال جاری،جس سے شہر کی مختلف سڑکیں مکمل طور پر زیر آب آگئیں،بارش کے بعد گرمی کا زور ٹوٹ گیا،درجہ حرارت 23 ڈگری تک پہنچ گیا۔لاہور میں گڑھی شاہو، لکشمی چوک،شملہ پہاڑی،جوہر ٹاون،گلبرگ، گلشن راوی،اچھرہ،سمن آباد سمیت کئی علاقے بارش کے پانی کی وجہ سے تالاب کا منظر پیش کرنے لگے،بارش سے بجلی بھی بند ہو گئی جس کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔سکول اور دفاتر جانے والے افراد کو بھی پریشانی کا سامنا۔محکمہ موسمیات کے مطابق پانی والا تالاب میں93، نشتر ٹاون میں92 ملی میٹر،گلشن راوی میں 123 ملی میٹر،قرطبہ چوک 120 گلبرگ میں 109 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی،لاہور میں سب سے زیادہ بارش لکشمی چوک میں 124 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔صوبائی دارالحکومت لاہور کے ساتھ ساتھ پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی موسلادھار بارش ہوئی جس سے موسم خوشگوار ہو گیا۔بارش کے بعد سے متعدد علاقوں میں بجلی کے فیڈرز ٹرپ کر گئے جس سے بجلی کی فراہمی معطلی رہی جبکہ نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے سے عوام کو مشکلات کاسامنارہا۔محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں کاسلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔علاوہ ازیں گوجرانوالہ،قصور،شیخوپورہ،پتوکی،ساہیوال، کامونکی،میانوالی،منڈی بہاوالدین،نارووال،سانگلہ ہل،صفدر آباد،کاہنہ،اوکاڑہ،ننکانہ صاحب،بہاولنگر اور پسرور سمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی موسلادھار بارش ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں : سائفر کیس ،عمران خان کی درخواست ضمانت سماعت کیلئے مقرر

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں