لاہور(سٹاف رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی صدر میاں شہباز شریف کی برطانیہ میں ایک ماہ قیام کے بعد پاکستان واپسی اور اگلے ہی روز دوبارہ لندن روانگی نے ملکی سیاست میں قیاس آرائیوں کو جنم دے دیا ہے،سوشل میڈیا پر بھانت بھانت کی بولیاں بولی جا رہی ہیں،ایسے میں استحکام پاکستان پارٹی(آئی پی پی)کی مرکزی رہنما اور سابق وزیر اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان بھی خاموش نہیں رہیں اور معنی خیز بیان جاری کر دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:چچا بھتیجی لندن روانہ،نواز شریف کا استقبال کیسا؟فیصلہ نہ ہو سکا
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق میاں شہباز شریف کی اچانک لندن روانگی پر بیان جاری کرتے ہوئے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف نواز شریف کو پچ رپورٹ دینے گئے ہیں،نواز شریف پچ رپورٹ دیکھ کر ہی کریز پر آنے کا فیصلہ کریں گے،وہ ہوم گراونڈ پر بھی کنڈیشنز دیکھ کر کھیلنا چاہ رہے ہیں۔فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ آئی پی پی اپنی عوام دوستی سے دیگر پارٹیوں کو شکست دے گی، آئی پی پی دیگر پارٹیوں کی طرح پولیٹیکل ڈیفا لٹر نہیں ہے، نواز شریف کے واپس آنے یا نہ آنے سے آئی پی پی کی سیاست کو کوئی فرق نہیں پڑتا۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ میچ سے قبل ٹاس کے لئے کپتان کا گراونڈ میں آنا ضروری ہوتا ہے، دیکھتے ہیں کہ نواز شریف ٹاس کے لئے خود میدان میں اترتے ہیں یا کسی اور کو بھیجتے ہیں؟۔واضح رہے کہ سابق وزیراعظم شہبازشریف ہنگامی طور پر لندن روانہ ہو گئے ہیں، وہ ماڈل ٹاون سے لاہور ایئرپورٹ پہنچے، سابق وزیراعظم لاہور کے علامہ اقبال ایئرپورٹ سے غیر ملکی ایئر لائن کی پرواز کیو آر 629 کے ذریعے براستہ دوحہ لندن روانہ ہوئے ہیں۔ جب کہ مریم نواز آج صبح 4 بجے لندن روانہ ہوئی تھیں۔مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز آج صبح 4 بجے لاہور کے علامہ اقبال ایئرپورٹ سے غیر ملکی پرواز کے ذریعے براستہ دبئی لندن روانہ ہوگئیں۔ مریم نواز کی لندن روانگی سے قبل شہباز شریف سے اہم ملاقات ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں:سنجرانی خاندان کی پانچوں گھی میں ،چیئرمین سینٹ کے بھائی کو گریڈ 22 کی مراعات