اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) سینیٹر سعدیہ عباسی متفقہ طورپر ایوان بالا کی قائمہ کمیٹی برائے کیبنٹ سیکرٹریٹ کی چیئرپرسن منتخب ہوگئی ہیں۔ اس انتخاب پر سعدیہ کاکہناتھاکہ ممبران کمیٹی نے جن توقعات کا اظہار کیا ہے ان پر پورا اترنے کی کوشش کروں گی اور اراکین کمیٹی کے ساتھ مل کر ملک کی بہتری کے لئے حکمت عملی اختیار کی جائے گی۔ پاکستان ٹائم کے مطابق چیئرمین کمیٹی کے انتخاب کے حوالے سے ایوان بالا کی قائمہ کمیٹی برائے کیبنٹ سیکرٹریٹ کا اجلاس پارلیمنٹ ہائوس میں منعقد ہوا جس میں ممبران کمیٹی سینیٹر ز کامل علی آغا، انجینئر رخسانہ زبیری، سعدیہ عباسی، نصیب اللہ بازئی، محمد اکرم نے شرکت کی۔ ممبر کمیٹی سینیٹر کامل علی آغا نے سینیٹر سعدیہ عباسی کا نام بطور چیئرپرسن کمیٹی تجویز کیا جس پر باقی تمام ممبران کمیٹی نے ان کے نام کی تائید کردی اور یوں سینیٹر سعدیہ عباسی متفقہ طورپر ایوان بالا کی قائمہ کمیٹی برائے کیبنٹ سیکرٹریٹ کی چیئرپرسن منتخب ہو گئیں۔
