اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی کے سابق رہنما اور سینیٹر مصطفی نواز کھوکھراپنی سابقہ پارٹی کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں 12 کروڑ 70 لاکھ ووٹرز ہیں، ان میں سے پانچ کروڑ ستر لاکھ ووٹرز کی عمر پینتیس سال سے کم ہے، وہ ’بھٹو زندہ ہے‘ کا بیانیہ تسلیم کرنے کو تیار نہیں۔
یہ بھی پڑھیں:پاک فوج دنیا میں سب سے بہترین،بروتھا گیریژن کے دورہ پر آرمی چیف جوانوں کی کارکردگی پر خوشی سے نہال
”پاکستان ٹائم“کے مطابق نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے مصطفی نواز کھوکھر کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی )کو زیادہ ووٹ ان سیاسی جماعتوں سے نفرت کے ملتے ہیں، چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو مقبولیت حاصل ہے، انہیں 30 فیصد لوگ پسند کرتے ہیںجبکہ پی ڈی ایم سے نالاں 70 فیصد لوگ پی ٹی آئی کی حمایت کرتے ہیں،تمام سیاسی جماعتوں کا ہدف صرف اقتدار حاصل کرنا ہے۔مصطفی نواز کھوکھر نے کہا کہ پچھلے 3 سالوں میں تمام سیاسی جماعتیں حکومت میں رہیں، اس دوران ن لیگ اور پیپلز پارٹی نے مقدمات ختم کرالئے لیکن روٹی، کپڑا، مکان کا مطالبہ آج بھی وہیں ہے۔مصطفی نواز کھوکھر کا کہنا تھا کہ انتخابات کی تاخیرمیں سیاسی جماعتوں کا ہاتھ ہے، تمام جماعتیں صرف اقتدار کیلئے سیاست کرتی ہیں، ان جماعتوں کا عوام کے مسائل سے کوئی تعلق نہیں،پاکستان میں آئین اور قانون نہیں رہا،سیاسی جماعتیں جو اب بول رہی ہیں انہوں نے خود الیکشن کو التواءمیں ڈالا تاکہ حریف کمزور ہو جائے، ہر سیاسی جماعت 75 سال سے جو مسئلہ ہے اس کو درست کرنے کی بجائے صرف اپنی قبولیت چاہتی ہے جبکہ عوام پس چکے ہیں،اگر میاں صاحب نے آکر مسائل حل کرنے ہیں تو انہوں نے ان مسائل کا حل اپنے بھائی کو کیوں نہیں بتایا ؟ مسائل کے حل کا فارمولہ اگر انہوں نے چھپا کر رکھا تو اپنے بھائی کے ساتھ بھی زیادتی کی اپنے ملک کے ساتھ اور اپنی پارٹی کے ساتھ بھی زیادتی کی۔انہوں نے کہا کہ آج اچھا لگا کہ سارے ملک کے سامنے چیف جسٹس کی پاورز ڈسکس ہو رہی تھیں، چیف جسٹس نے عدلیہ کی غلطیوں کو تسلیم کیا۔