اسلام آباد(وقائع نگار)سپریم کورٹ نے قیدیوں کی پروبیشن پر رہائی کے قوانین پر فوری عملدرآمد کا حکم دے دیا۔
”پاکستان ٹائم“کے مطابق سپریم کورٹ کے جج جسٹس اطہر من اللہ کا تحریر کردہ 5 صفحات پر مشتمل فیصلہ جاری کر دیا گیا۔فیصلے میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم اور چاروں وزرائے اعلیٰ پروبیشن پر رہائی کے قوانین کا فعال ہونا یقینی بنائیں۔عدالت نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو پروبیشن کے اہل تمام افراد کی رہائی یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ملک بھر کی جیلوں میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں،جیلوں میں گنجائش سے زیادہ قیدی ہونے سے آئینی حقوق کی فراہمی ناممکن ہو چکی،جیلوں میں عدم سہولیات کا شکار افراد کی اکثریت غریبوں کی ہے، غریب لوگوں کو ریاست بھی سستے اور فوری انصاف فراہمی کے لیے کردار ادا نہیں کر رہی،فوجداری نظام با اثرافراد کے ہاتھوں کمزوروں کے استحصال اور انصاف کی عدم فراہمی کی اجازت دیتا ہے،آئین کے تحت چلنے والے معاشرے میں جیلوں کی ایسی حالت زار نا قابل برداشت ہے،ریاست کی ذمہ داری ہے کہ ہر قیدی کے بنیادی حقوق کا تحفظ کرے۔ قیدیوں کوآزادانہ نقل و حرکت کے علاوہ تمام آئینی حقوق حاصل ہوتے ہیں۔
