مظفرآباد(بیورو رپورٹ)سیاحتی مقام سری کوٹ پر سیاحتی سرگرمیاں مانند پڑھ گئیں،سڑک کا تعمیراتی کام چھ ماہ سے بند،محکمہ جنگلات سڑک کی تعمیر میں رکاوٹ بن گیا،مظفر آباد شہر سے صرف پندرہ کلومیٹر کی مسافت پہ شہریوں کو انتہائی مناسب خرچ میں میسر بہترین سیر و تفریح کا مرکز سفری سہولت سے محروم ،پیر چناسی سے بھی کم فاصلے اور سفر کا حامل بہترین پر فضا مقام،قدرت کی حسین رنگینیوں کا مرکز حکومتی اداروں کی غفلت کے باعث تباہی کے دھانے پر پہنچ گیا،سیاحتی مرکز پر مقامی آبادی کی کروڑوں کی انویسٹمنٹ ڈوبنے کا خطرہ،موجودہ اسمبلی کا مظفر آباد میں سیاحت کے اعتبار سے پہلا اور واحد پراجیکٹ فلاپ ہونے قریب،گزشتہ برس 25 کروڑ کی لاگت سے 7 کلو میٹر پختہ روڈ کا ٹینڈر جاری ہوا فرم نے صرف جزوی کٹائی کی اس کے بعد کام مکمل بند کر دیا،سڑک سے منسلک درجنوں دیہات سفری سہولیات سے بھی محروم،مریضوں کو کندھوں پہ اٹھا کر لانے پر مجبور۔
پاکستان ٹائم کے ذرائع کے مطابق محکمہ جنگلات کی ہٹ دھرمی اور ناجائز منافع خوری کے باعث پراجیکٹ بند ہے،ابھی تک محکمہ جنگلات کی جانب سے این او سی جاری نہیں ہو سکا جس کی وجہ سے سیاحتی اور دفاعی نقطہ نظر سے انتہائی اہمیت کی حامل روڈ کا تعمیراتی کام بند اور مزید تاخیر سے آئے روز مہنگائی کا تناسب بڑھنے کے باعث حکومتی خزانے کو کروڑوں کی پھکی کا خدشہ ہے۔اُدھر تعمیراتی فرم کے ترجمان کا موقف ہے کہ زمین کے مسائل محکمہ شاہرات نے حل کر کے دینے ہوتے ہیں جو تاحال نہیں ہو سکے،جنگلات کی جانب سے این او سی کے اجراء میں تاخیر کے باعث پراجیکٹ کا کام بند ہے،سیاحوں اور مقامی آبادی نے وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق سے اپیل کی ہے کہ اس منصوبہ کی راہ میں رکاوٹیں ڈالنے والے کرداروں کو بے نقاب کیا جائے اور حائل رکاوٹوں کو دور کرتے ہوئے سڑک کا تعمیراتی کام بروقت مکمل کرایا جائے۔شہریوں کا کہنا تھ کہ سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان سیاحت کے حوالے سے انتہائی سرگرم اور ان کے دور حکومت میں اس طرح کے مسائل نہیں تھے لیکن جب سے انوار الحق وزیر اعظم بنے ہیں ریاست میں سیاحت کو فروغ دینے کی بجائے رکاوٹیں پیدا کی جا رہی ہیں،حکومتی اراکین اپنے ذاتی فائدے کے لئے ریاست میں تعمیراتی کاموں میں رکاوٹیں کھڑی کر رہے ہیں جبکہ وزیر اعظم انوار الحق نے بھی اپنی آنکھیں بند کی ہوئی ہیں بلکہ وہ اراکین کے سامنے انتہائی بے بس دکھائی دیتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:حنیف عباسی کا یوٹرن،پیپلز پارٹی کے خلاف بیان پر معذرت کر لی