اٹک (مانیٹرنگ ڈیسک) ایڈیشنل سیشن جج نے عمران خان کو جیل میں سہولتوں کی فراہمی کا بھانڈا پھوڑ دیا۔
”پاکستان ٹائم“کے مطابق پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان کو اٹک جیل میں کس طرح کے حالات کا سامنا ہے؟اس حوالے سے ایڈیشنل سیشن جج شفقت اللہ خان نے اپنی رپورٹ میں حکومتی دعووں کا بھانڈا پھوڑ دیا۔
یہ بھی پڑھیں : ”گرفتاری کے چکر میں پڑے 3ماہ ہو گئے“پرویز الٰہی نے دل کے پھپھولے پھوڑ ڈالے
ایڈیشنل سیشن جج اٹک شفقت اللہ خان نے 15 اگست کو جیل کا دورہ کیا۔جس کے بعد انہوں نے اپنی تحریری رپورٹ جمع کرائی جس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ عمران خان کے سیل کے عین باہر سی سی ٹی وی کیمرہ نصب ہے،ان کے ٹوائلٹ کی ”ایل“ شیپ کی دیوار محض ڈھائی سے تین فٹ اونچی ہے،پانچ سے چھ فٹ کی بلندی پر لگے سی سی ٹی وی کیمرہ کی وجہ سے عمران خان کو ٹوائلٹ کے استعمال اور دورانِ غسل بھی کوئی پرائیویسی میسر نہیں،عمران خان نے اس کی شکایت بھی کی،عمران خان کو اپنی اہلیہ اور وکلاء تک رسائی میں بھی مشکلات کا سامنا ہے۔ایڈیشنل سیشن جج کا کہنا تھا کہ عمران خان کی شکایات مکمل طور پر درست ہیں اور انہیں اس حالت میں رکھنا پاکستان پریزن رولز 257 اور 771 کی صریح خلاف ورزی ہے۔رپورٹ میں کہا گیا کہ سپرنٹنڈنٹ نے شکایات کے ازالے کی یقین دہائی کرائی ہے۔واضح رہے کہ عمران خان کے سیل میں واش روم کی تعمیر کی خبر دو روز قبل آئی تھی۔ بظاہر جج شفقت اللہ کے دورے کے بعد یہ تعمیر شروع کی گئی۔