اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)کے وائس چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو سائفر کیس میں گرفتارکر لیا گیا ہے،انہیں گرفتاری کے بعد وفاقی تحقیقاتی ادارے(ایف آئی اے)کے ہیڈ کوارٹر میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
”پاکستان ٹائم“ کے مطابق ایف آئی اے کی ٹیم نے شاہ محمود قریشی کو اسلام آباد میں ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کیا گیا ہے۔گرفتاری کے بعد شاہ محمود قریشی کوایف آئی اے ہیڈ کوارٹر منتقل کردیا گیا۔شاہ محمود قریشی کو سائفر سے متعلق کیس میں گرفتار کیا گیا ہے،شاہ محمود قریشی کی پریس کانفرنس کے بعد فیڈرل انویسٹی گیشن اتھارٹی کی ٹیم پولیس کی بھاری نفری کے ساتھ ان کی رہائشگاہ پر پہنچی اور انہیں حراست میں لے لیا۔گرفتاری سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ عمرایوب اور مجھ سے منسوب خبروں میں کوئی صداقت نہیں، چیئرمین پی ٹی آئی کا کوئی متبادل نہیں ہو سکتا۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ انتخابات بروقت ہونے میں کوئی ابہام نہیں ہونا چاہئے، انتخابات 90 دن سے آگے گئے تو معاملہ چیلنج کریں گے،آئین واضح ہے کہ انتخابات 90 دن میں ہونے ہیں، عمران خان کی طرف سے سلمان اکرم راجہ پٹیشن تیار کر چکے ہیں،ہمارا مشترکہ مفادات کونسل کے فیصلوں کو چیلنج کرنے کا ارادہ ہے،اس کے علاوہ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی ایک پٹیشن سپریم کورٹ میں چیلنج ہو چکی ہے، نگران وزیر اعظم نے کہا تھا انتخابات شفاف ہوں گے،الیکشن پر سپریم کورٹ کی واضح ہدایات آ چکی ہیں۔شاہ محمود قریشی نے غیر ملکی سفیروں سے ملاقات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یہ بات درست ہے کہ ان کی امریکی سفیر سمیت مختلف ممالک کے سفیروں سے ملاقات ہوئی لیکن اس ملاقات میں چیئرمین پی ٹی آئی کی رہائی یا سائفر سے متعلق کوئی بات نہیں ہوئی۔
۔