لاہور (ہیلتھ رپورٹر) نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے ایک بار پھر جنرل ہسپتال کا دورہ کیا لیکن اب بھی ہسپتال کے اکثر وارڈز کے اے سی بند تھے، تیماردار اپنے مریضوں کو ہاتھ والے پنکھے سے ہوا دے رہے تھے ،واش رومز کی صورتحال ابتر اور صفائی کے انتظامات ناقص تھے، وزیراعلیٰ کا کہنا تھاکہ واضح ہدایات کے باوجود اے سی ٹھیک نہیں کیے گئے۔
یہ بھی پڑھیں:نوازشریف کی وطن واپسی،ایک بار پھر جی ٹی روڈ پرقسمت آزمائی کافیصلہ، روٹ سامنے آگیا
پاکستان ٹائم کے مطابق وزیراعلیٰ ایک بار پھر بغیر بتائے لاہور کے جنرل ہسپتال جا پہنچے جہاں انہوں نے مختلف وارڈز کا معائنہ کیا ، مریضوں اور تیمارداروں سے ملاقات کی۔وزیر اعلی محسن نقوی نے علاج معالجے کی سہولتوں اور اے سی چلنے کے بارے دریافت کیا۔مریضوں اور تیمارداروں نے اے سی بند کی شکایات کیں۔وزیر اعلی محسن نقوی نے موقع پر ہی فون کرکے صوبائی وزیر ڈاکٹر جاوید اکرم، سیکرٹری صحت اور پرنسپل کو ہسپتال پہنچنے کی ہدایت کی اور کہاکہ مریضوں کی شکایات کا فی الفور ازالہ کیا جائے۔ اس موقع پر محسن نقوی کا کہناتھاکہ افسوس کا مقام ہے کہ واضح ہدایات کے باوجود اے سی ٹھیک نہیں کئے گئے اور مریضوں کا گرمی اور حبس سے برا حال ہے ۔