پیپلز پارٹی کے بعد ایک اور بڑی سیاسی جماعت نے انوار الحق کاکڑ کے نام پر تحفظات کا اظہار کر دیا

کوئٹہ(سٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی کے بعد ایک اور بڑی سیاسی جماعت بلوچستان عوامی نیشنل پارٹی نے انوار الحق کاکڑ کے بطور نگران وزیر اعظم نامزدگی پر تحفظات کا اظہار کر تے ہوئےمسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف کو خط لکھ دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:حکومت ختم ہوتے ہی شہباز شریف کی اہلیہ کی طبیعت ناساز،لندن روانہ ہونے کا امکان
”پاکستان ٹائم“ کے مطابق بلوچستان عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما سردار اختر مینگل نے نگران وزیر اعظم کی تعیناتی پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کو خط لکھ دیا۔خط میں کہا گیا ہے کہ اہم فیصلوں میں اتحادیوں کو اعتماد میں نہ لینے سے بد اعتمادی بڑھے گی،نگران وزیر اعظم کے لیے ایسے شخص کی نامزدگی کی گئی جس سے ہمارے لیے سیاست کے دروازے بند کر دیے گئے،آپ کے اس طرح کے فیصلوں نے ہمارے درمیان مزید دوریاں پیدا کر دیں۔اختر مینگل نے لکھا ہے کہ میرا یہ خط 22 جولائی 2022 کے میسج کا تسلسل ہے،جن مسائل کا ذکر میں نے پہلے کیا تھا،کاش ان میں کمی آتی،آج بھی وہی بلوچستان،وہی جبری گمشدگیاں ہیں،سیاسی حل کے بجائے بندوق سے مسئلہ حل کرنے کی کوشش ہو رہی ہے۔خط میں کہا گیا ہے کہ موجودہ حالات کا حل سیاستدانوں کے بجائے اسٹیبلشمنٹ کی مشاورت سے تلاش کیا جا رہا ہے،ہمیں جنرل ایوب سے جنرل مشرف تک کے مظالم اچھی طرح یاد ہیں لیکن آپ کی جماعت مشرف اور باجوہ کی سازشوں اور غیر آئینی اقدامات کو اتنی جلدی فراموش کر گئی۔اختر مینگل نے مردم شماری پر بھی تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ مردم شماری میں بلوچستان کی آبادی جو تقریباً 2 کروڑ 24 لاکھ بنتی تھی اسے 73 لاکھ کم کر دیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں