امام کعبہ شیخ ماہر المعیقلی کی صحت بارے اہم خبر آ گئی

ریاض (بیورو رپورٹ)امام کعبہ شیخ ماہر المعیقلی صحت یاب ہوگئے،گزشتہ جمعہ کو مسجد الحرام مکہ مکرمہ میں نمازِ جمعہ کے دوران انکی طبیعت اچانک خراب ہوگئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں:مسجد کا موذن دوران تلاوت انتقال کر گیا
ادارہ مذہبی امور برائے مسجد الحرام اور مسجد نبویﷺ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں امامِ کعبہ کی صحت کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔ بیان میں کہا گیا کہ امامِ کعبہ کی طبیعت ناسازی کی وجہ بلڈ پریشر اچانک کم ہونا تھا تاہم اب امامِ کعبہ شیخ ماہر المعیقلی خیریت سے ہیں۔اس موقع پر ادارہ مذہبی امور برائے مسجد الحرام اور مسجد نبوی کے سربراہ ڈاکٹر عبدالرحمٰن السدیس نے امامِ کعبہ کی صحت کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے ان کی اور مسجد الحرام کی حفاظت کے لیے دعا بھی کی۔مسجد الحرام کے امام اور دیگر عہدیداران ایک روز قبل شیخ ماہر سے ان کی رہائش گاہ پر خیریت دریافت کرنے بھی پہنچے تھے۔

دوسری طرف پاکستان علماء کونسل کے سربراہ علامہ حافظ طاہر محمود اشرفی نے بھی امام کعبہ شیخ ماہر المعیقلی کی صحت بارے مسلم امہ سے دعاوں کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کی رحمت اور فضل و کرم سے امام کعبہ شیخ ماہر المعیقلی کی صحت بہت بہتر ہے تاہم دنیا بھر میں بسنے والے مسلمان آئمہ حرمین کی صحت اور سلامتی کے بارے میں خصوصی دعائیں کریں،آئمہ حرمین امت مسلمہ کا قیمتی اثاثہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل کی اپیل پر ملک بھر کی مساجد میں شیخ ماہر المعیقلی اور دیگر آئمہ حرمین کی صحت یابی کے لئے دعاوں کا خصوصی اہتمام کیا جا رہا ہے۔واضح رہے کہ امام کعبہ شیخ ماہر المعیقلی گزشتہ جمعہ طبیعت خرابی کے باعث نمازِ جمعہ مکمل نہیں کروا سکے تھے۔جونہی انہوں نے نمازِ جمعہ کی امامت شروع کی تو سورة فاتحہ پڑھتے ہوئے انکے بلڈ پریشر میں اچانک کمی آئی، جس وجہ سے ان کی طبیعت خراب ہوگئی تھی۔امامِ کعبہ شیخ ماہر المعیقلی کی خرابی صحت کے باعث پہلی صف میں موجود امام و خطیبِ حرم شیخ ڈاکٹر عبدالرحمٰن السدیس نے آگے بڑھ کر جمعہ کی نماز مکمل کروائی تھی۔

یہ بھی پڑھیں:بیت اللہ کے خطیب و امام الشیخ ڈاکٹر بندر بلیلہ کے والد گرامی انتقال کر گئے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں