اسلام آباد(خصوصی رپورٹر)حکومت کی جانب سے قومی کرکٹ ٹیم کو ورلڈ کپ میں شرکت کے لئے بھارت جانے کی اجازت دے دی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:ورلڈکپ میں قومی ٹیم کی سیکیورٹی کا مسئلہ، بھارتی ادارے پریشان
”پاکستان ٹائم“کے مطابق حکومت نے قومی کرکٹ ٹیم کو ورلڈ کپ میں شرکت کیلئے بھارت بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے، اور ٹیم کو بھارت جانے کی اجازت دے دی ہے۔ وزارت خارجہ نے باضابطہ منظوری سے متعلق پی سی بی کوآگاہ کردیا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کا ہمیشہ موقف رہا ہے کہ کھیل اور سیاست علیحدہ ہے،پاک بھارت تعلقات انٹرنیشنل سپورٹس کی راہ میں حائل نہیں ہونے چاہئیں،پاکستان کو بھارت میں سیکیورٹی پر تحفظات برقرار ہیں،آئی سی سی اور بھارتی حکومت کو تحفظات سے آگاہ کریں گے،امید ہے بھارت میں پاکستان ٹیم کو بھرپور سیکیورٹی حاصل ہو گی۔
دوسری جانب بھارت میں ہونے والے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی شرکت کے معاملے پر حکومت پاکستان نے سیکیورٹی وفد بھارت بھیجنے کا فیصلہ بھی کر رکھا ہے۔ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی شرکت کے حوالے سے پاکستان کا وفد سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے جلد بھارت جائے گا،وفد میں سیکیورٹی اداروں کے اہلکار اور پی سی بی حکام شامل ہوں گے۔ذرائع پی سی بی کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی وفد حکومت تشکیل دے گی،سیکیورٹی وفد کی بھارت روانگی کا وقت حکومت طے کرے گی۔ذرائع کے مطابق وفد کی رپورٹ کی روشنی میں ہی قومی ٹیم کو بھارت بھجوانے کا فیصلہ کیا جائے گا۔یاد رہے کہ 2016 میں آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ سے قبل بھی پاکستان کا سیکیورٹی وفد بھارت گیا تھا۔