دبئی(مانیٹرنگ ڈیسک)بھارتی چاول کی درآمدات پر متحدہ عرب امارات نے چار ماہ کے لئے پابندی عائد کر دی ہے جبکہ عالمی منڈی میں چاول کی قلت پیدا ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے،پاکستان میں بھی آنے والے دنوں میں چاول کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافے کا خدشہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں:روس سے گندم کا پہلا جہاز پاکستان پہنچ گیا
”پاکستان ٹائم“ کے مطابق متحدہ عرب امارات کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کا کہنا ہے کہ یو اے ای حکومت نے بھارتی چاول کی درآمدات پر چار ماہ کے لئے پابندی عائد کردی ہے، یہ چار ماہ کی بندش اس وقت تک جاری رہے گی جب تک پابندی کونہیں اٹھا یا جاتا، یہ پابندی چاولوں کی تمام اقسام بشمول براون چاول،مکمل یا جزوی پسے ہوئے چاول اور ٹوٹا چاول پر عائد کی گئی ہے۔یاد رہے کہ یہ اعلان متحدہ عرب امارات کی وزارت معیشت کی طرف سے کیا گیا ہے،پابندی لگانے کی وجہ بھارتی اداروں کی جانب سے باسمتی اور ٹوٹا چاول کی سپلائی میں تاخیر بتائی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ بھارتی حکومت نے حالیہ بارشوں اور سیلاب کے بعد چاول کی برآمد پر پابندی عائد کردی ہے جس کی وجہ سے عالمی سطح پر چاول کی قیمتوں میں مزید اضافے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔بھارتی حکام کے مطابق چاول کی برآمدات پر پابندی کا فیصلہ ملک میں بڑھتی قیمتوں کو قابو کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔دوسری جانب پابندیوں کے بعد امریکہ میں چاول کی شدید قلت پیدا ہوگئی ہے جہاں دکانوں،سٹورز اور مارکیٹوں پر چاول ملنا بند ہو گئے ہیں۔امریکی عوام نے بوکھلاہٹ میں ایک ہی ساتھ کئی ٹن چاول خرید لیے اور ٹرالیاں چاول کے تھیلوں سے بھر لیں اور چاول کے شیلفس خالی کر دیے گئے۔یاد رہے کہ دنیا بھر میں چاول کی برآمدات میں 40 فیصد حصہ بھارت کا ہے۔