کراچی (شوبز ڈیسک) سینئر اداکار اعجاز اسلم نے گزشتہ برس ایک ٹی وی شو میں عروہ حسین سے متعلق متنازع بات کہنے پر شرمندگی کا اظہار کردیا اور کہا کہ انہوں نے مذکورہ معاملے پر اداکارہ سے معافی بھی مانگی تھی۔ پاکستان ٹائم کے مطابق اپنے ایک انٹرویو میں اعجاز اسلم کاکہناتھاکہ عام طور پر ایسے شوز میں اداکار زیادہ تر اپنے قریبی دوستوں کے نام لے کر جان چھڑاتے ہیں اور انہوں نے بھی مذکورہ پروگرام میں فیصل قریشی اور عدنان صدیقی کے بھی نام لیے تھے،جب ان سے عروہ حسین والے معاملے پر سوال کرکے انہیں جواب کے لیے آپشن دیے گئے تو انہوں نے اداکارہ کا نام لیا لیکن ساتھ ہی وضاحت کی تھی کہ انہوں نے خود اداکارہ کا نامناسب رویہ نہیں دیکھا صرف اس متعلق سن رکھا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے عروہ حسین سے معافی مانگی تھی اور مذکورہ پروگرام کے بعد اب وہ اس طرح کے سوالات کے جوابات نہیں دیتے۔
