اسلام آباد(عدالتی رپورٹر)سی ڈی اے کے سپیشل مجسٹریٹ نے فیصل مسجد کے احاطے میں قلفی کی ریڑھی لگانے والے ریڑھی بان کو تین ماہ قید اور پانچ لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنادی جس کیخلاف اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کرلیاگیا، عدالت نے درخواست پر رجسٹرار آفس کا ایک اعتراض دور کرتے ہوئے وکیل کو دوسرا اعتراض دور کرنے کی ہدایت کردی۔ پاکستان ٹائم کے مطابق جسٹس طارق محمود جہانگیری نے رجسٹرار آفس کے اعتراضات کے ساتھ ریڑھی بان فرمان اللہ کی درخواست پر سماعت کی جس دوران وکیل نے سزا کا حکم معطل کرنے کی استدعا کی۔وکیل نے کہا کہ قلفی کی ریڑھی لگانے پر سی ڈی اے اسپیشل مجسٹریٹ نے ظالمانہ فیصلہ کیا، ریڑھی لگانا کوئی جرم نہیں جس پر عدالت نے ریمارکس دیے کہ جرم ہے، جرم کیوں نہیں ہے؟ آپ صرف قلفی کا بتا رہے ہیں، پٹیشنر پر بھتہ خوری کا بھی الزام ہے، بھتے پر دہشت گردی بھی لگتی ہے، یہ نہ ہو کہ پھر وہ بھی لگ جائے، تین ماہ کی سزا تو پھر بہت کم ہے زیادہ ہونی چاہیے۔ واضح رہے کہ فرمان اللہ اسلام آباد کی فیصل مسجد کے احاطے میں قلفی کی ریڑھی لگا نے والے شخص کیخلاف سی ڈی اے نے اپنے چالان میں سرکاری زمین پر قبضے کا الزام عائد کیا تھا جس پر سپیشل مجسٹریٹ نے ملزم فرمان اللہ کو 3 ماہ قید با مشقت اور پانچ لاکھ روپے جرمانے سزا سنائی تھی۔
یہ بھی پڑھیں:پی ڈی ایم حکومت نے ایک سال کے دوران کتنا قرضہ لیا؟جان کر آپ کے بھی ہوش اڑ جائیں