کراچی(کامرس رپورٹر) حکومت کی طر ف سے مارجن بڑھانے کی یقین دہانی کے بعد پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے دو دن تک اپنی ہڑتال موخرکردی۔ پاکستان ٹائم کے مطابق وزیرمملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک سے مذاکرات کے بعد ہڑتال پیر تک موخر کرنے کا اعلان کیا گیا، پیٹرولیم ایسوسی ایشن کے چیئرمین عبدالسمیع خان نے کہا کہ وزیرمملکت نے 48گھنٹوں میں مارجن بڑھانے کے فیصلے کا وعدہ کیا ہے جس کا باقاعدہ معاہدہ طے پایا ہے لہذا 48گھنٹوں کے لیے پیٹرولیم ڈیلرز کی ہڑتال موخر کرنے کا فیصلہ کررہے ہیں، یہ پورے ملک کا مسئلہ تھا ہم نے مجبورا ہڑتال کی کال دی تھی لیکن جان بوجھ کر محرم الحرام میں عوام کی مشکلات بڑھانا نہیں چاہتے۔ مصدق ملک نے کہا کہ ہم نے طے کیا ہے کہ حقائق اور ثبوت پر مبنی فیصلہ سازی کی جائے،وزارت پیٹرولیم دو روزہ تعطیلات کے باوجود خودمختاری کے ساتھ 2 سے 3ہزار پیٹرول پمپس کا ڈیٹا حاصل کرے گی اور ڈیٹا کا بغور جائزہ لینے کے بعد مارجن پالیسی بنائی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں:” چوری کی ہے تو حساب تو دینا پڑے گا“عطاء اللہ تارڑ نے عمران خان کو خبردار کر دیا