لاہور(کرائم سیل)عدالت نے منی لانڈرنگ اور کرپشن مقدمات میں سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کے صاحبزادے مونس الٰہی کو اشتہاری قرار دیتے ہوئے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔
یہ بھی پڑھیں:سیکیورٹی اداروں نے ایم کیو ایم لندن کے گرد شکنجہ کس دیا،شہر قائد میں فعال کارکنوں کی لسٹیں مرتب
”پاکستان ٹائم“ کے مطابق لاہور کی سیشن عدالت کی جانب سے مونس الٰہی کو ملک سے فرار ہونے کے باعث اشتہاری قرار دیا گیا ہے۔ مونسی الٰہی کیخلاف منی لانڈرنگ کے 2 مقدمے درج ہیں،وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے )نے مونس الٰہی کے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کی درخواست دائر کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں شامل تفتیش کرنے کی کوشش کی لیکن وہ ایسا کرنے سے گریزاں ہیں۔ایف آئی اے نے عدالت سے شریک ملزم حامد سہیل کے بھی دائمی وارنٹ جاری کرنے کی استدعا کی تھی جسے منظورکرتے ہوئے عدالت نے دونوں ملزمان کے وارنٹس جاری کیے۔دوسری جانب اینٹی کرپشن سرکل پنجاب میں بھی مونس الٰہی کیخلاف مقدمہ درج کر دیا گیا۔مونس الٰہی سمیت دیگر تین ملزمان کیخلاف چالان عدالت میں جمع کر دیا گیا،اینٹی کرپشن سرکل کے مقدمے میں بھی مونس الٰہی کو اشتہاری قرار دیدیا گیا۔عدالت نے مونس الٰہی کی ٹریول ہسٹری اور بینک اکاونٹس کی تفصیلات طلب کر لیں،عدالت نے پاسپورٹ، شناختی کارڈ اور رہائش گاہ کادرست ایڈریس بھِی طلب کیا۔مونس الٰہی کے شناختی کارڈ،پاسپورٹ،بینک اکاونٹ اور تمام جائداد کے منجمد ہونے کی کاروائی کا آغاز بھی کر دیا گیا۔مقدمے کے متن کے مطابق مونس الٰہی اربوں روپے غیر قانونی طریقے سے ملک سے باہر لے کر گئے۔