انقرہ(مانیٹرنگ ڈیسک) ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان نے دنیا سے شمالی قبرصی ترک جمہوریہ کو جلد از جلد تسلیم کرنے کی اپیل کردی اور کہا ہے کہ جب تک قبرصی ترکوں کی خود مختار مساوات اور مساوی بین الاقوامی حیثیت کا تعین نہیں کرلیا جاتا ، اس وقت تک نئے مذاکراتی عمل کا آغاز کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، حالات کچھ بھی ہوں، ہم ترک قبرص کی مساوی خودمختاری اور مساوی بین الاقوامی حیثیت کی تصدیق کے لیے اپنی کوششوں سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ شمالی قبرصی ترک جمہوریہ کے صدر ایرسن تاتار کے ساتھ دارالحکومت لفکوشیا میں ایک تقریب سے خطاب میں ترک صدر کاکہناتھاکہ گزشتہ صدی کی ساٹھ اور ستر کی دہائی بدقسمتی سے خون، آنسو اور قتل عام کا دور تھالیکن ترکوں نے کبھی بھی اس ظلم و ستم کے سامنے سر نہیں جھکایا ،قبرصی ترک عوام کے امن و سکون کی خواہش کے مطابق خود مختار حقوق اور مساوی حیثیت کے تحفظ کی علامت ہے،یونانی قبرصی انتظامیہ اپنے مظالم اور قتل عام کو پوری دنیا سے چھپانے کی کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا کام اس غیر قانونی، غیر انسانی تنہائی اور پابندی کو ختم کرنے کے عزم کے ساتھ جاری رہے گا جس کا قبرصی ترکوں کو سامنا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : بیوٹی سیلونز پر پابندی ،خواتین کے احتجاج پر فائرنگ