راولاکوٹ ( بیورورپورٹ)یوم قرارداد الحاق پاکستان کے حوالے سے راولاکوٹ میں عظیم الشان جلسہ عام 19 جولائی(بروز بدھ) منعقد ہو گا،جلسہ عام کے تمام انتظامات مکمل،کشمیریوں کا جوش و جذبہ اپنے عروج پر ہے،شہر کو رنگ برنگے بینروں سے سجا دیا گیا،سابق وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر،مرکزی رہنماء استحکام پاکستان پارٹی سردار تنویر الیاس خان شہیدوں،غازیوں اور بانیان کشمیر کی سرزمین راولا کوٹ کے صابر شہید سٹیڈیم میں تاریخی جلسہ عام سے خطاب کریں گے،پونچھ سمیت باغ،حویلی سدھنوتی سے ریلیوں اور قافلوں کی شکل میں عوام پنڈال میں آئیں گے،جلسہ عام میں ملک بھر سے نامور سیاستدانوں،صحافیوں،دانشوروں سمیت مختلف مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والی نامور شخصیات شرکت کریں گی،پاکستان کے معروف نامور گلوکار ملی نغموں سے وطن عزیز اور تحریک آزادی کشمیر کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں:پرویز خٹک کی پریشانی میں مزید اضافہ،متعدد اراکین نے نئی جماعت سے لاتعلقی کا اعلان کر دیا
سرزمین پونچھ سے عظیم اسلاف کے نطریہ الحاق پاکستان، مملکت پاکستان اور افواج پاکستان کے ساتھ اپنی وابستگی کی تجدید کی جائے گی۔ پاکستان کی بہادر مسلح افواج کو لازوال قربانیوں اور مادر وطن کی سرحدوں کو اندرونی و بیرونی خطرات سے محفوظ بنانے پر خراج تحسین پیش کیا جائے گا۔ترجمان کے مطابق سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان ریاست میں عوام کو درپیش مسائل بالخصوص منتخب بلدیاتی نمائندگان کو اختیارات اور فنڈز کی فراہمی، ٹیچر آرگنائزیشن کے جملہ جائز مطالبات،معلمین قرآن کے سکیل اپ گریڈیشن،آٹا بحران ، بجلی کی قیمتوں میں اضافہ،جملہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ سمیت دیگر مسائل کو بھرپور طریقہ سے قومی سطح پر اجاگر کریں گے اور انکے حل کے لیے جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کریں گے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ پونچھ کے غیور عوام تاریخی جلسہ عام میں شرکت کر کے اس عزم کی تجدید کریں گے کہ وہ بھارتی تسلط سے آزادی اور جموں وکشمیر کے پاکستان میں مکمل انضمام کے خواب کے شرمندہ تعبیر ہونے تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔ 75 سال قبل 19جولائی 1947 کو سرینگر میں پاس کی گئی قرارداد تاریخی قرارداد تھی جو مسلمانان کشمیر کی پاکستان کے ساتھ نظریاتی اور فکری وابستگی کا عملی اظہار اورجموں و کشمیر کی غالب مسلم اکثریت کی خواہشات اور امنگوں کی ترجمانی تھی جس کی تکمیل کے لیے اب تک ہزاروں کشمیری نوجوان اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر چکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستان میں کتنے فیصد خواتین سگریٹ نوشی کرتی ہیں؟ایسا انکشاف کہ مرد بھی شرما جائیں
دوسری طرف ”پاکستان ٹائم“کے ذرائع کا کہنا ہے کہ 19 جولائی کو راولاکوٹ صابر شہید سٹیڈیم میں عوامی جلسہ سے خطاب میں سابق وزیر اعظم سردار تنویر الیاس خان سمیت دیگر مقررین اپنے حکومتی دور کے دوران ہونے والے معاملات پر اہم انکشافات کریں گے۔ذرائع کے مطابق مقررین جلسہ آزاد خطے کے جمہوری نظام پر عدالتی یلغار سمیت ریاست میں کی جانے والی اربوں روپے کی کرپشن کے طریقہ کار ان عناصر کو بچانے والے سہولت کاروں کا پردہ بھی چاک کریں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق وزیر اعظم سردار تنویر الیاس خان آٹا سبسڈی اور بلدیاتی نمائندگان کو بے اختیار رکھے جانے پر اپنی حکمت عملی کا اعلان کر سکتے ہیں۔