اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما طارق فضل چودھری کے جواں سال بیٹے کی نمازجنازہ اسلام آباد میں ادا کرنے کے بعد مقامی قبرستان میں آہوں اور سسکیوں کے درمیان سپرد خاک کر دیا گیا،نماز جنازہ میں اعلیٰ لیگی قیادت سمیت اہم شخصیات اور پارٹی کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
یہ بھی پڑھیں:عمران خان کی ہمشیرہ عظمیٰ خان کو ایک بارپھر اینٹی کرپشن نے ریکارڈ سمیت طلب کر لیا
”پاکستان ٹائم“ کے مطابق طارق فضل چودھری اپنے جواں سال بیٹے کی نماز جنازہ کے دوران آبدیدہ ہوگئے،اس دوران ان کے ساتھ اعلیٰ لیگی قیادت بھی موجود تھی۔نمازجنازہ میں سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی، وزیرداخلہ راناثناء اللہ،سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل،وزیر دفاع خواجہ آصف،وزیرپلاننگ احسن اقبال سمیت دیگر شخصیات نے شرکت کی۔وزیر اعظم شہباز شریف کا بھی نمازجنازہ میں شرکت کیے جانے کا امکان تھا۔جس کے پیش نظر پبلک سیکرٹریٹ کی سیکیورٹی بڑھا دی گئی تھی تاہم نامعلوم وجوہات کی بناء پر شہباز شریف نمازہ جنازہ میں شریک نہ ہو سکے۔
واضح رہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کے صاحبزادے رات گئے سڑک حادثے میں جاں بحق ہو گئے۔پولیس کے مطابق سابق وزیر کے صاحبزادے انزا طارق 7 ایونیو کے علاقے میں فور بائی فور گاڑی میں سفر کر رہے تھے کہ حادثے کا شکار ہو گئے۔انزا طارق نے اچانک اپنے سامنے آنے والے ایک موٹر سائیکل سوار کے ساتھ تصادم سے بچنے کے لیے گاڑی موڑی تو وہ ان کے قابو سے باہر ہو گئی اور ایک دو بار الٹ کر گرین بیلٹ کے ساتھ جا ٹکرائی،حادثے میں انزا طارق کو متعدد زخم آئے،انہیں ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے خالق حقیقی سے جا ملے۔