نیو یارک(مانیٹرنگ ڈیسک)امریکہ میں الاسکا کے ساحل کے قریب 7.2 کی شدت کا زلزلہ آیا ہے جس سے سونامی کی وارننگ جاری کر دی گئی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی ریاست الاسکا میں اتوار کو علی الصبح 7.2 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔امریکی زلزلہ پیما مرکز نے پہلے زلزلے کی گہرائی 9.3کلو میٹر اور کی شدت 7.4 بتائی تھی مگر پھر اسے بدل دیابعد ازاں بتایا گیا کہ زلزلے کی گہرائی 32.6 کلومیٹر جبکہ اس کی شدت 7.2 تھی۔الاسکا زلزلہ پیما مرکز نے بتایا کہ Aleutian آئی لینڈز میں شدید جھٹکے محسوس کیے گئے تاہم فوری طور پر کسی جانی نقصان کو رپورٹ نہیں کیا گیا۔زلزلہ پیما مرکز کے مطابق اس زلزلے سے بہت کم افراد کے متاثر ہونے کا امکان ہے کیونکہ ان علاقوں میں آبادی نہ ہونے کے برابر ہے۔امریکی سونامی وارننگ سسٹم کی جانب سے زلزلے کے بعد قریب واقع علاقوں کے لیے سونامی کی وارننگ جاری کی گئی۔پالمر میں نیشنل سونامی وارننگ سینٹر کا کہنا ہے کہ جنوبی الاسکا اور جزیرہ نما الاسکا کے لیے سونامی کی وارننگ جاری کر دی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:جنوبی کوریا میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچادی،لینڈ سلائیڈنگ سے ہلاکتیں
ادارے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ’شمالی امریکا میں دیگر امریکی اور کینیڈا کے پیسفک ساحلوں کے لیے سونامی کے خطرے کی سطح کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔بعد ازاں، سونامی کی وارننگ کو ایڈوائزری میں تبدیل کر دیا گیا، جس میں کہا گیا تھا کہ تیز دھارے یا خطرناک لہریں متوقع ہیں۔جزیرہ نما الاسکا بحر الکاہل میں 885 کلومیٹر (550 میل) تک پھیلا ہوا ہے اور اس علاقے میں زلزلے نسبتاً عام ہیں۔یونائیٹڈ اسٹیٹس جیولوجیکل سروے (یو ایس جی ایس) نے بتایا کہ آف شور زلزلہ جزیرہ نما الاسکا سے 13 میل (21 کلومیٹر) کی گہرائی میں آیا۔الاسکا زلزلہ کے لحاظ سے فعال پیسیفک رنگ آف فائر کا حصہ ہے۔الاسکا مارچ سنہ 1964 میں 9.2 شدت کے زلزلے سے متاثر ہوا تھا،جو شمالی امریکا میں اب تک کا سب سے شدید زلزلہ تھا۔اس زلزلے نے اینکریج کو تباہ کر دیا تھا اور ایک سونامی کو جنم دیا تھا جس نے خلیج الاسکا،امریکی مغربی ساحل اور ہوائی کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا۔یو ایس جی ایس نے اتوار کی صبح اسی علاقے میں 7.2 کے زلزلے کے تقریباً تین منٹ بعد 5.2 شدت کا زلزلہ ریکارڈ کیا۔اس کے بعد صبح ساڑھے 8 بجے جزیرہ نما میں ایک اور 3.5 شدت کا زلزلہ ریکارڈ کیا گیا۔زلزلوں کے اس تعدد کے باوجود،یو ایس جی ایس کا کہنا ہے کہ صرف چار یا پانچ کی شدت سے اوپر کی پیمائش ہی نقصان کا باعث بنتی ہے۔