شیریں رحمان نے پنجاب میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کرتے ہوئے خبردار کر دیا

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی رہنما اور وفاقی وزیر برائے ماحولیات سینیٹر شیری رحمان نے پاکستان میں 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران بارش کے مزید اثرات کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات والے شہروں اور میونسپل علاقوں کے لیے اربن فلڈ کے الرٹ جاری کیے گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:آرمی چیف سے متعلق سوشل میڈیا پر مہم ،وزیراعظم شہباز شریف کی شدید مذمت
”پاکستان ٹائم “کے مطابق شیری رحمان کا کہنا ہے کہ سب سے زیادہ بارش پنجاب کے شہروں لاہور،نارووال،سیالکوٹ میں ہو گی جبکہ دیگر صوبوں کو بھی موسلا دھار سے درمیانی بارش کے لیے الرٹ کر دیا گیا ہے،لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات والے شہروں اور میونسپل علاقوں کے لیے اربن فلڈ کے الرٹ جاری کیے گئے ہیں،مربوط تیاری اور فعال ردعمل جانیں بچاتا ہے لہٰذا متاثرہ علاقوں میں تمام رسپانس ٹیموں،عوامی اور این جی اوز دونوں کو چوکس اور تیار رہنے کی ضرورت ہے۔شیری رحمان کے شیئر کردہ ڈیٹا کے مطابق شمالی اور شمال مشرقی پنجاب(بشمول لاہور،سیالکوٹ اور نارووال)میں شدید گرج چمک کے ساتھ تیز بارش امکان ہے جبکہ دریائے چناب،راوی،ستلج اور اس سے منسلک نالوں (بھمبر، ایک،دیگ،بین،پلکھو اور بسنتر)میں درمیانے درجے کا سیلاب ہو سکتا ہے،میونسپل علاقوں میں اربن فلڈ اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے،سندھ (کراچی، تھرپارکر،سکھر،لاڑکانہ، حیدرآباد،بدین،شہید بینظیر آباد) میں گرج چمک کے ساتھ درمیانے اور بھاری درجے کی بارش کی پیشگوئی ہے،شمال مشرقی بلوچستان (سبّی،ژوب، کوہلو،قلعہ سیف اللہ،خضدار،بارکھان،لورالائی،قلات،نصیر آباد،ڈیرہ بگٹی اور لسبیلہ)میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے،خیبرپختونخوا (بنوں،ڈی آئی خان،سوات،بالاکوٹ)میں بھی گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش متوقع ہے۔جاری ہدایات کے مطابق سٹی ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشنز کو شہری مراکز میں سیلاب کے خطرے سے دوچار علاقوں کے لیے ہنگامی ٹریفک پلانز کو یقینی بنانا ہو گا۔سیلاب زدہ انڈر پاسوں میں فوری طور پر ڈی واٹرنگ آپریشنز کے لیے کیٹرنگ کی ضرورت ہے۔ریسکیو سروسز اور سرکردہ این جی اوز اشارہ کردہ علاقوں میں اہلکاروں کی دستیابی کو یقینی بنائیں گی۔تمام سٹیک ہولڈرز فوری اور ہموار جواب کو یقینی بنانے کے لیے فعال ہم آہنگی برقرار رکھیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں