پشاور (مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ کے پی خوبصورت ترین صوبہ ہے جہاں خوبصورت پہاڑ اور خوبصورت لوگ رہتے ہیں ،75سال میں حقیقی کاوش کی جاتی تو یہ صوبہ بہت ترقی کر جاتا ۔
تورغر میں مقامی عمائدین اور مشران سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ آپ اور آپ کے بزرگوں نے بڑی قربانیاں دی ہیں ،تربیلا ڈیم کیلئے بھی اپنی زمینیں قربان کر دیں جو آپ کی ایسی خدمت تھی جو نظر انداز نہیں کی جا سکتی۔ملک کی سیاسی قیادت پاکستان کی ترقی پر یقین رکھتی ہے،ادارے اور انکے سربراہ فیصلہ کر لیں کہ پاکستان کی تقدیر بدلنی ہے تو کوئی رکاوٹ نہیں بن سکتا ،وہ وقت بھی آئے گا جب ہم دوسروں کو قرضے دینگے۔انہوں نے کہا کہ آج پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں دنیا کو بتائیں گے کہ قرآن کی بےحرمتی کسی صورت برداشت نہیں ہے،ایسی حرکتیں کرنے والے سیدھے ہو جائیں ورنہ امت مسلمہ سیسہ پلائی دیوار بن جائے گی ۔
