لاہور(نیوز رپورٹر ) قومی ٹیم کے سابق کپتان اور لیجنڈ بلے باز جاوید میانداد نے دعوی کرتے ہوئے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم اور پی ٹی آئی کے چیئر مین عمران خان کے وزارت عظمی تک پہنچنے کے پیچھے میرا ہاتھ تھا، اب مجھے ان کی حمایت کرنے کے فیصلے پر بہت زیادہ افسوس ہے۔
”پاکستان ٹائم” کے مطابق نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے میانداد نے کہا کہ آج میں آپ کو بتا رہا ہوں کہ میں نے عمران خان کو وزیراعظم بنایا ہے۔میزبان نے سوال پوچھا کہ کیا آپ 2018 میں خان کی تقریب حلف برداری میں شریک ہوئے تھے۔اس پر میانداد نے جواب دیا کہ ہاں، بالکل، میں وہاں تھا۔ میں وہاں بیٹھا تھا لیکن پی ٹی آئی چیئر مین نے میرا شکریہ ادا نہیں کیا اور اس سے مجھے تکلیف ہوئی۔ اگر میں آج بھی ان کا ساتھ دیتا تو وہ اس حالت میں نہ ہوتے، وہ میری بات سنتے تھے، اگر میں انہیں وزیراعظم بنا سکتا تو ان کی برطرفی کو بھی روک سکتا تھا۔لیکن اب، مجھے یقین ہے، عمران خان کے دوبارہ وزیر اعظم بننے کے امکانات بہت کم ہیں۔
خیال رہے کہ پی ٹی آئی کے سربراہ 1992 میں ورلڈ کپ جیتنے کے حوالے سے مشہور ہیں، یہ پاکستان کا پہلا ایسا کارنامہ تھا، اور اس کے بعد سے اب تک کوئی اور کپتان ٹیم کو اس قدر اعزاز تک نہیں پہنچا سکا۔ میانداد 1992 کے ورلڈ کپ جیتنے والے اسکواڈ کا بھی حصہ تھے۔
یہ بھی پڑھیں:تحریک انصاف کے دو اہم رہنماوں نے پارٹی چھوڑنے کا اعلان کر دیا