کراچی(کرائم رپورٹر )سٹیل ٹاون پولیس نے نیشنل ہائی وے کے قریب چیکنگ کے دوران مردہ مرغیاں ہوٹلوں کو سپلائی کرنے والی سوزوکی پک اپ کو پکڑ کر اس میں رکھی بوریوں سے 200 مردہ مرغیاں برآمد کر کے ڈرائیور کو گرفتار کرلیا۔
ایس ایچ او سٹیل ٹاﺅن نند لال نے بتایا کہ سب انسپکٹر یارمحمد کی سربراہی میں پولیس پارٹی نیشنل ہائی وے سومار گوٹھ موڑ کے قریب گاڑیوں کی چیکنگ میں مصروف تھی کہ اس دوران گھارو سے کراچی آنے والی سفید رنگ کی سوزوکی پِک اپ کو روک کر اس کی تلاش لی تو عقب میں رکھے ہوئے بوروں سے مردہ مرغیاں برآمد ہوئیں۔پولیس نے گاڑی کے ڈرائیور رضوان کو گرفتار کرکے تھانے منتقل کر دیا اور مقدمہ درج کرلیا۔پولیس کا دعویٰ تھا کہ گرفتار ڈرائیور نے ابتدائی تحقیقات میں بتایا کہ مردہ مرغیاں ملیر کے علاقوں گلشن حدید،سٹیل ٹان اور ملیر سٹی سمیت ملحقہ علاقوں میں قائم ہوٹلوں پر سپلائی کی جاتی ہیں۔
