شمالی وزیرستان میں خودکش دھماکا، 3 جوانوں سمیت چار شہید

پشاور(سٹاف رپورٹر)شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی چیک پوسٹ پر خودکش دھماکے میں تین جوانوں سمیت چار افراد شہید جبکہ 10 شہری زخمی ہو گئے۔
نجی ٹی وی کے مطابق ڈی پی او شمالی وزیرستان کا کہنا ہے کہ حملہ آور نے طلحہ چیک پوسٹ کے قریب خود کو دھماکے سے اڑایا، جس کے نتیجے میں تین جوانوں سمیت سمیت چار افراد شہید اور 10 شہری زخمی ہو گئے۔حکام کا کہنا ہے کہ شہید اور زخمی افراد کو میرانشاہ ہسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ زخمی ہونے والوں میں دو کم سن بھائی بھی شامل ہیں۔پاکستان ٹائم کے ذرائع کا کہنا ہے کہ خودکش حملہ میران شاہ بنوں شاہراہ پر واقع حمید اللہ شہید چیک پوسٹ کے قریب ہوا،حملے میں سکیورٹی فورسز کے تین اہلکار اور ایک بچہ شہید ہوا جبکہ چیک پوسٹ مکمل طور پر تباہ ہو گئی،زخمی ہونے والے سویلین چیک پوسٹ کے قریب سے وین پر گذر رہے تھے کہ خود کش دھماکہ ہو گیا۔دہشت گردوں کی گرفتاری کےلیے علاقے میں سیکورٹی فورسز نے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔خیال رہے کہ تین روز قبل خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں سکیورٹی فورسز نے امن دشمنوں کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے تین دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں