اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)وفاقی وزیراطلاعات اور پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پی ٹی وی پر حملہ کرنے والے نے ریڈیو پاکستان جلایا، پاکستان کے عوام کے پاس دو لوگوں کا آپشن ہے، ایک شخص جس نے ملک کو نقصان پہنچایا،دوسرے نے ترقی دی، ایک شخص نے ملک کو قرضوں میں ڈبو دیا، دوسرے شخص نے مہنگائی کم کی اور ملک کوترقی دی۔
”پاکستان ٹائم“ کے مطابق اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی) حکومت نے بیروزگاری بڑھائی، معیشت تباہ کی، معیشت تباہ کرنے والے آج آئی ایم ایف پروگرام پر بات کر رہے ہیں، یہ لوگ ذاتی ایجنڈے کیلئے ملک کو داو¿ پر لگا رہے ہیں، صرف نوازشریف ہی ملک کوبحرانوں سے نکال سکتے ہیں، نوازشریف نے بیٹی کےساتھ ڈیڑھ سو سے زائد پیشیاں بھگتی ہیں، پاناما کا فیصلہ اقامہ میں تبدیل کیا گیا، نواز شریف کو نااہل کرنے کے لئے جوڈیشری کو استعمال کیا گیا، انہیں ہٹانے کیلئے بڑے پیمانے پر سازش کی گئی،پانامہ کیس کی سماعت کے دوران آصف سعید کھوسہ سیسیلین مافیا اور گاڈ فادر کہتے تھے، پی ٹی آئی رہنما حامد خان آج نواز شریف کے بارے میں گواہی دے رہے ہیں کہ ان کے ساتھ زیادتی ہوئی تو پھر سیسیلین مافیا اور گاڈ فادر کون ہوا؟عوام کے ساتھ دشمنی کرنے کیلئے نواز شریف کو نااہل کیا گیا۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ شہباز شریف نے آئی ایم ایف کے معطل پروگرام کوبحال کیا،ایک شخص کنٹینر پر کھڑے ہو کر سول نافرمانی کی تحریک چلانے کا کہتا تھا،سی پیک چینی صدر اور نوازشریف کا پاکستان اور اس خطے کو ترقی روزگار اور کاروبار کے مواقع فراہم کرنے کا منصوبہ ہے جس نے پاکستان کو 2013 سے 2018 تک ہر شعبے میں ترقی دینے کا کردار ادا کیا،سی پیک منصوبہ شروع ہوتے ہی سازشی عناصر متحرک ہو گئے تھے، نالائق شخص 4 سال تک پاکستان پر مسلط رہا، گزشتہ حکومت کی نااہلی کے باعث ملک میں توانائی سمیت کئی بحران پیدا ہوئے،2013 میں پی ٹی آئی نے ملک میں عدم استحکام کی بنیاد رکھی، کچھ سازشی عناصر نے نالائق ٹولے کو ملک پر مسلط کیاآج سی پیک کو 10 سال مکمل ہو چکے ہیں، یہ ڈی چوک پر کھڑے ہو کر ملک کو جلانے کی بات کرتے تھے۔
