لاہور میں تیز آندھی اور طوفان،بارش سے موسم خوشگوار سڑکیں بے حال ہو گئیں

لاہور(سٹاف رپورٹر)صوبائی دارالحکومت لاہور میں مون سون بارشوں کی دھماکے دار انٹری سے گرج چمک کے ساتھ تیز آندھی ،طوفان نے شہر کو جکڑ لیا ،تیز اور طوفانی بارش نے گرمی کا زور توڑ دیا ہے تاہم سڑکیں ندی نالوں اور تالاب کی شکل اختیار کر گئیں ہیں ۔
“پاکستان ٹائم“کے مطابق شہر لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں طوفانی بارشوں کا آغاز ہو گیا ہے ،تیز اور طوفانی ہواوں سے کئی درخت اور بل بورڈ اکھڑ کر گر گئے جبکہ کچے مکانات اور گھروں کی دیواریں گرنے کی بھی اطلاعات ہیں تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ۔طوفانی آندھی سے درجنوں ٹرانسفارمر بھی اڑ گئے جس سے کئی علاقے اندھیرے میں ڈوب گئے ہیں ۔صوبائی دارالحکومت میں تیز آندھی طوفان کے بعد مختلف علاقوں میں تیز بارش ہو گئی،فیصل ٹاون ،جوہر ٹاون ،جناح ہسپتال،ڈاکٹرز ہسپتال،ٹاون شپ،گلبرگ ماڈل ٹاون ،نصیر آباد،کوٹ لکھپت، شالا مارباغ،گلشن راوی ، بند روڈ ، جی ٹی روڈ ، ملتان چونگی ،سمن آباد کے اطراف تیز بارش سے جل تھل ایک ہو گیا،باغبان پورہ،مغل پورہ ،ہربنس پورہ میں تیز بارش ریکارڈ کی گئی۔ بارش سے درجہ حرارت میں تیزی سے کمی کے باعث گرمی کا جن بھی بھاگ گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں