اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)ملکی اداروں کے خلاف فنانشل ایکشن ٹاسک فورس(فیٹف)کو خط لکھنے پر وفاقی حکومت نے متعلقہ افراد کے خلاف کارروائی کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
”پاکستان ٹائم “کے مطابق کچھ افراد نے فیٹف،عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف)اور ورلڈ بینک کو ملکی اداروں بالخصوص ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان(ڈریپ)کے خلاف خط لکھے تھے جس میں پاکستان پر پابندیاں لگانے کا مطالبہ کیا گیا تھا،کچھ فارماسسٹس کی جانب سے بین الاقوامی مالیاتی اداروں کو خطوط اور ای میل لکھی گئیں تھیں اور الزام لگایا گیا تھا کہ پاکستانی ادارے منی لانڈرنگ میں ملوث ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ غیر ملکی اداروں کو اس قسم کے خطوط لکھنا غداری کے زمرے میں آتا ہے،یہ وہ افراد ہیں جن پر پاکستان میں جعلی ادویات اور بلیک میلنگ کے مقدمات ہیں۔ذرائع کے مطابق محکمہ صحت کے حکام نے کارروائی کے لیے ایف آئی اے اور انٹیلی جنس ایجنسیوں سے رجوع کرنیکا فیصلہ کیا ہے تاکہ ان افراد کے خلاف غداری کے مقدمات قائم کیے جا سکیں۔
