”مشکلات سے نجات کا واحد حل عدل و انصاف کا نظام “

لاہور(سٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ عالمی مالیاتی فنڈز ( آئی ایم ایف)سے قرض لینے سے کبھی ترقی نہیں کر سکتے، مشکلات سے نجات کا واحد حل عدل و انصاف کا نظام ہے،سویڈن میں عیدالضحی کے مبارک دن کے موقع پر مسجد کے باہر قرآن مجید کو نذر آتش کرنا انتہائی قابل مذمت ہے۔

یہ بھی پڑھیں:سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی،پاکستان بھی میدان میں آ گیا
”پاکستان ٹائم“کے مطابق لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف سے قرضہ لینے سے کبھی ترقی نہیں کر سکتے، آئی ایم ایف نے 22 بار پاکستان کو قرضہ دیا،پاکستان کے کئی ارب سود میں چلے جاتے ہیں،کیا آئی ایم سے قرضہ لینا ہی ترقی ہے؟ہم اپنے پاوں پر کھڑے ہوں اور وسائل کا صحیح استعمال کریں،ملک سے وی آئی پی کلچر اور کرپشن کا خاتمہ کرنا ہوگا،مشکلات سے نجات کا واحد حل عدل و انصاف کا نظام ہے۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ملک میں معاشی اور سیاسی تباہی ہے،روشن خوشحال مستقبل کے لیے سب کو جدو جہد کرنی ہو گی،اپنے حصے کا فرض ادا کریں اور دوسروں کے حقوق کا خیال رکھیں۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ سویڈن میں عیدالضحی کے مبارک دن کے موقع پر مسجد کے باہر قرآن مجید کو نذر آتش کرنا انتہائی قابل مذمت ہے،دو ارب مسلمانوں کی دل آزاری کرنا اور ان کے ایمانی جذبات مجروح کرنا سویڈن سمیت کئی مغربی ممالک میں معمول بنتا جا رہا ہے،افسوسناک امر یہ ہے کہ مسلمانوں کے مقدس دن اس قبیح اور گھناونے فعل کی اجازت ایک عدالت نے دی،او آئی سی اور مسلم ممالک بالخصوص حکومت پاکستان شعائر اسلام کے تحفظ، اور اسلاموفوبیا روکنے کےلیے موثر اقدامات اٹھائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں